افغان حکام نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے دوران مشرقی صوبہ ننگرہار میں افغان جنگجوؤں کے ایک اجتماع پر خودکش حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 36 ہو گئی ہے۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹیڈ‘ پریس نے صوبہ ننگرہار میں کے محکمہ صحت کے ڈائریکٹر نجیب اللہ کماوال کے حوالے سے کہا ہے کہ ہفتہ کو ہونے والے اس حملے میں 65 افراد زخمی بھی ہوئے۔
عیدالفطر کے موقع پر تین روزہ جنگ بندی کے دوران طالبان جنگجو عید منا رہے تھے کہ اُنھیں خودکش بمبار نے نشانہ بنایا۔
تاحال کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن امکان ہے کہ یہ شدت پسند تنظیم ’داعش‘ کی کارروائی تھی کیوں کہ وہ جنگ بندی میں شامل نہیں تھی اور ماضی میں اس تنظیم طالبان کے درمیان جھڑپیں ہو چکی ہیں۔
ننگر ہار میں طالبان پر خودکش ملے کے بعد صدر اشرف غنی نے جنگ بندی میں مزید 9 روز کی توسیع کا اعلان کیا ہے۔
تاہم طالبان کی طرف سے اس توسیع کے بارے میں کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔