رسائی کے لنکس

شردھا کپور کی فلم 'استری ٹو' نے اکشے کمار اور جان ابراہم کی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا


  • ایک ہی روز تین بڑی فلموں ویدا، کھیل کھیل میں اور استری-ٹو کی ریلیز پروڈیوسرز کے لیے چیلنج بن گئی تھی۔
  • شردھا کپور کی فلم 'استری ٹو' نے باقی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
  • 'استری ٹو' نے بھارت سے 240 کروڑ جب کہ دیگر ممالک سے 43 کروڑ روپے کمائے ہیں۔

ویب ڈیسک—بھارت کے یومِ آزادی پر شردھا کپور اور راج کمار راؤ کی فلم 'استری ٹو'، اکشے کمار اور تاپسی پنوں کی فلم 'کھیل کھیل میں' اور جان ابراہم کی فلم 'ویدا' سنیما گھروں کی زینت بنی۔

ایک ہی روز تین بڑی فلموں کی ریلیز پروڈیوسرز کے لیے چیلنج بن گئی تھی۔ لیکن شردھا کپور کی فلم 'استری ٹو' نے باقی تمام فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

اداکارہ شردھا کپور کی انسٹاگرام پوسٹ کے مطابق 'استری ٹو' نے بھارت سے 240 کروڑ جب کہ دیگر ممالک سے 43 کروڑ بھارتی روپے کمائے ہیں۔

استری ٹو کا اب تک کا مجموعی بزنس 283 کروڑ بھارتی روپے ہے۔

کامیڈی اور ہارر فلم استری ٹو میں اداکارہ شردھا کپور، راج کمار راؤ اور پنکج تریپاٹھی نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

امر کوشک کی ہدایت میں بننے والی یہ فلم سال 2018 میں ریلیز ہونے والی 'استری' کا سیکوئل ہے۔

فلم کی کہانی ایک ایسے گاؤں کے گرد گھومتی ہے جس میں ایک خاتون کی روح رات کے وقت کسی تہوار کے موقع پر مردوں پر حملہ کرتی ہے۔

استری ٹو کے علاوہ 15 اگست کو اکشے کمار کی فلم 'کھیل کھیل میں' اور جان ابراہم کی 'ویدا' بھی ریلیز ہوئی تھی۔

دونوں فلمیں باکس آفس پر خاصا اچھا پرفارم نہیں کر سکیں۔

بھارت کی میڈیا کمپنی 'سیکنلک' کے اعداد و شمار کے مطابق 'کھیل کھیل میں' نے بھارت سے اب تک 16.90 کروڑ جب کہ دیگر ممالک سے سات کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا ہے۔

فلم کا مجموعی بزنس 23.90 کروڑ روپے ہے۔

کامیڈی اور ڈرامہ فلم 'کھیل کھیل میں' اکشے کمار کے ساتھ اداکارہ تاپسی پنوں اور وانی کپور نے اداکاری کی ہے۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق سال 2021 میں اکشے کمار کی فلم 'سوریاونشی' کے بعد آنے والی کوئی بھی فلم باکس آفس پر کامیاب نہ ہو سکی۔

سوریا ونشی کے بعد اکشے کمار کی آٹھ فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں جن میں بچن پانڈے، سمراٹ پرتھوی راج، رکشا بندھن، رام سیتو، ،سیلفی، مشن رانی گنج، بڑے میاں چھوٹے میاں اور سرفرا شامل ہیں۔

ان فلموں کے علاوہ اکشے کمار فلم 'او ایم جی 2' میں مہمان کردار ادا کرتے ہوئے بھی نظر آئے تھے جس نے باکس آفس پر دیگر فلموں سے بہتر پرفارم کیا تھا۔

اکشے کمار کے علاوہ جان ابراہم کی فلم 'ویدا' بھی باکس آفس پر زیادہ نہ کما سکی۔ یومِ آزادی پر ریلیز ہونے والی فلم'ویدا' نے اب تک بھارت سے 16.60 کروڑ جب کہ دیگر ممالک سے 2.4 کروڑ کا بزنس کیا ہے۔

فلم کا اب تک کا مجموعی بزنس 19 کروڑ رہا ہے۔

ویدا میں اداکار جان ابراہم اور تمنہ بھاٹیا مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

نکھل اڈوانی کی ہدایات میں بننے والی فلم کی کہانی ایک ایسی عورت کے گرد گھومتی ہے جو ایک ظالمانہ معاشرے کے خلاف لڑتی ہے۔ اس لڑائی کے خلاف ایک آدمی ان کا ساتھ دیتا ہے جس کا کردار جان ابراہم نے ادا کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG