رسائی کے لنکس

عمران خان اوکسفرڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا الیکشن لڑیں گے


  • عمران خان کے قریبی ساتھی ذلفی بخاری کے مطابق عمران خان کی ہدایت پر اوکسفرڈ یونیورسٹی کا الیکشن لڑنے کے لیے درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔
  • یہ ایک تاریخی مہم ہو گی، اُمید کرتے ہیں کہ دنیا بھر سے لوگ عمران خان کی حمایت کریں گے: ذلفی بخاری
  • عمران خان نے 1975 میں اوکسفرڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کی تھی۔
  • سابق وزیرِ اعظم مختلف مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں اور ایک برس سے زائد عرصے سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
  • عمران خان کے علاوہ سابق برطانوی وزرائے اعظم ٹونی بلیئر اور بورس جانسن بھی چانسلر بننے کے اُمیدواروں میں شامل ہیں۔

ویب ڈیسک -- اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے برطانیہ کی اوکسفرڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا الیکشن لڑنے کے لیے درخواست جمع کرا دی ہے۔

عمران خان کے قریبی ساتھی ذلفی بخاری نے اتوار کو 'ایکس' پر بتایا کہ عمران خان کی ہدایت پر اوکسفرڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے الیکشن برائے 2024 کے لیے عمران خان کی درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں اُمید ہے کہ سابق وزیرِ اعظم کی تاریخی حمایت میں بہت سے لوگ آگے آئیں گے۔

عمران خان ایک برس سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے 1975 میں اوکسفرڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کی تھی۔ فلسفہ، سیاست اور معیشت عمران خان کے مضامین میں شامل تھے۔

سابق برطانوی وزرائے اعظم ٹونی بلیئر اور بورس جانسن بھی چانسلر کے اُمیدواروں میں شامل ہیں۔

چانسلر کے لیے اوکسفرڈ یونیورسٹی کے ڈگری ہولڈر فارغ التحصیل طلبہ (کانوکیشن ممبرز) ووٹ کاسٹ کرتے ہیں۔ جب کہ چانسلر کا اُمیدوار بننے کے لیے دو طلبہ کی جانب سے توثیق ضروری ہے۔

اوکسفرڈ یونیورسٹی کی ویب سائٹ کے مطابق کانوکیشن ممبرز رواں برس اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں آن لائن ووٹنگ کے ذریعے نئے چانسلر کا انتخاب کریں گے۔

نیا چانسلر 10 برس کے لیے اپنی ذمے داریاں سرانجام دے گا۔ روایتی طور پر یونیورسٹی سے فارغ التحصیل سیاست دان زیادہ تر چانسلر کے منصب پر فائز ہوتے رہے ہیں۔

عمران خان 2005 میں برطانیہ کی بریڈفورڈ یونیورسٹی کے بھی چانسلر بنے تھے۔ تاہم 2014 میں سیاسی مصروفیات کی وجہ سے اُنہوں نے یہ عہدہ چھوڑ دیا تھا۔

فورم

XS
SM
MD
LG