رسائی کے لنکس

دفاعی چیمپئن جرمنی اپ سیٹ شکست کے بعد ورلڈ کپ سے باہر


فیفا ورلڈ کپ 2018ء میں سب سے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے جنوبی کوریا نے گروپ ’ایف‘ کے اہم میچ میں دفاعی چمپئن جرمنی کو ایک۔صفر سے شکست دے کر ورلڈ کپ سے باہر کردیا۔

اسی گروپ کے ایک اور میچ میں سوئیڈن نے میکسیکو کو تین۔صفر سے ہرا کر ناک آؤٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا، جبکہ میکسیکو شکست کے باوجود اگلے مرحلے میں پہنچ گیا۔

چار مرتبہ کی فاتح جرمن ٹیم 1938 ء کے بعد ورلڈ کپ مقابلوں میں کبھی پہلے راؤنڈ میں باہر نہیں ہوئی تھی، جبکہ 1986ء کے بعد پہلی مرتبہ جرمنی نے ورلڈ کپ گروپ میچ کے پہلے ہاف میں برتری حاصل نہیں کی۔

پہلے ہاف میں جرمنی اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں بھرپور کوشش کے باوجود کوئی گول نہ کرسکیں اور یہ ہاف بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا۔

دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک سے زائد تبدیلیاں کیں۔ لیکن، بے سود رہیں اور بظاہر ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ یہ میچ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوگا۔

تاہم، 90 منٹ پورے ہونے پر اسٹاپیج ٹائم کے دس منٹ دیئے گئے جس میںجنوبی کوریا کے کم ینگ۔گوان اور سون ہیونگ۔من نے حیران کن طور پر یکے بعد دیگرے دو گول کرکے اپنی ٹیم کو دو۔صفر سے کامیابی دلادی۔

اس اپ سیٹ شکست کے بعد دفاعی چمپئن جرمنی کا ورلڈ کپ کا سفر پہلے ہی راؤنڈ میں تمام ہوگیا، جبکہ جنوبی کوریا کی اس جیت کے باعث میکسیکو بھی ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئی۔

سوئیڈن بمقابلہ میکسیکو

اسی گروپ کا دوسرا میچ سوئیڈن اور میکسیکو کے درمیان کھیلا گیا جس میں سوئیڈن نے میکسیکو کو تین۔صفر سے ہرادیا، تینوں گول میچ کے دوسرے ہاف میں ہوئے۔

سوئیڈن کی جانب سے پہلا گول 50 ویں منٹ میں لوڈویگ آگسٹنسن نے کیا جبکہ اینڈریاس گرانکویسٹ نے پنالٹی پر گول کرکے برتری دگنی کردی۔

میچ کا تیسرا اور آخری گول اُس وقت ہوا جب میکسیکو کے دفاعی کھلاڑی ایڈسن الوریز اپنے ہی گول میں گیند پھینک دی، اس طرح سوئیڈن نے یہ میچ جیت کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنالی۔

یہ 1994ء میں بلغاریہ کے ہاتھوں چار۔صفر سے شکست کے بعد ورلڈ کپ مقابلوں میں سوئیڈن کی سب سے بڑی فتح ہے۔

XS
SM
MD
LG