رسائی کے لنکس

جنوبی افریقہ: نیلسن منڈیلا ہسپتال سے رخصت


جنوبی افریقہ کے سابق صدر پھیپھڑوں کی سوزش اور نمونیے کی وجہ سے گذشتہ نو دنوں سے ہسپتال میں داخل تھے۔

سابق جنوبی افریقی صدر نیلسن منڈیلا کو ہسپتال سے رخصت کر دیا گیا ہے۔ وہ گذشتہ نو دنوں سے طبعیت کی خرابی کے باعث ہسپتال میں داخل تھے۔

جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زُوما کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چورانوے سالہ نیلسن منڈیلا کو ان کی طبعیت میں بہتری کے بعد ہفتے کے روز ہسپتال سے رخصت کر دیا گیا۔ نیلسن منڈیلا گذشتہ چار ماہ میں طبعیت کی خرابی کے باعث تیسری مرتبہ ہسپتال میں داخل کیے گئے تھے۔

ڈاکٹرز کے مطابق وہ گذشتہ نو دنوں سے پھیپھڑوں کی سوزش اور نمونیے میں مبتلا تھے۔ نیلسن منڈیلا کی طبعیت کے حوالے سے عالمی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا تھا۔

نوبیل انعام یافتہ نیلسن منڈیلا 1994ء میں جنوبی افریقہ کے پہلے سیاہ فام صدر بنے تھے۔
XS
SM
MD
LG