صومالی عہدے داروں نے کہا ہے کہ شبلی زیریں کے علاقے کی ایک مارکیٹ میں ایک خودکش حملے کے نتیجے میں کم ازکم 14 افراد ہلاک اور 15 سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔ حملے کا مقام دارالحکومت موغا دیشو سے تقریباً 90 کلومیٹر جنوب مغرب میں ہے۔
سیکیورٹی أمور سے متعلق علاقے کے ڈپٹی گورنر عبدی فتح حاجی عبداللہ نے بتایا ہے کہ حملہ آور نے ونلاوین قصبے کی خات مارکیٹ کو سہ پہر کے وقت نشانہ بنایا جب وہاں لوگوں کا ہجوم ہوتا ہے۔
انہوں نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ الشباب سے مبینہ تعلق رکھنے والے ایک خودکش بمبار نے خات مارکیٹ میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ اس حملے میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور 15 سے زیادہ زخمی ہوئے۔
اس قصبے میں ایک فوجی ہوائی اڈا بھی موجود ہے ۔ بالیدوگل نامی اس فضائی مرکز میں صومالیہ کے سپیشل فوجی دستے اور امریکی تربیت کار اور مشیر بھی تعینات ہیں۔