رسائی کے لنکس

ٹک ٹاک پر صومالین گلوکارہ کا گانا مقبول، بین الاقوامی فن کاروں کو بھی بھا گیا


 نمکو ہیپنی نے 2015 میں اپنے میوزک کریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ اپنے گانے یوٹیوب پر پوسٹ کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی جگہوں پر پرفارم بھی کرتی ہیں۔
نمکو ہیپنی نے 2015 میں اپنے میوزک کریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ اپنے گانے یوٹیوب پر پوسٹ کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی جگہوں پر پرفارم بھی کرتی ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بالخصوص لپ سنکنگ ایپ ٹک ٹاک کو عام افراد کو راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچانے والی ایپ کہا جائے تو غلط نہیں ہو گا۔

دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد صارفین کی جانب سے استعمال کی جانے والی اس ایپ پر صارفین متعدد گانوں کے کلپس پر لپ سنک کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف چیلنجز بھی فالو کرتے ہیں۔

اکثر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپ لوڈ کی جانے والی کچھ ویڈیوز یا چیلنجز اس قدر مقبول ہو جاتے ہیں کہ عالمی شہرت یافتہ شخصیات بھی اسے شیئر یا فالو کرنے سے خود کو نہیں روک پاتیں۔

گزشتہ برس پاکستان میں 'پارٹی گرل' کا ٹرینڈ خوب وائرل ہوا تھا اور ویڈیو بنانے والی دنانیر راتوں رات مشہور ہو گئیں تھیں اور ان کی ویڈیوز کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں کئی مقبول شخصیات نے شیئر بھی کیا تھا۔

اسی طرح چند ماہ قبل ہی سری لنکا کی نوجوان گلوکارہ یوہانی کا ایک گانا 'منیکے ماگی ہیٹے' خوب مقبول ہوا تھا۔ ان کے گانے کو بالی وڈ اسٹار امیتابھ بچن سمیت دیگر شخصیات نے شیئر کیا تھا۔

گلوکارہ اپنے اس گانے کی وجہ سے اس قدر مقبول ہو گئی تھیں کہ انہیں بالی وڈ کے ریئلٹی شو 'بگ باس 15' کے سیزن 15 میں بھی مدعو کیا گیا تھا۔

اب حال ہی میں ٹک ٹاک پر 'اسی نفتا' نامی ایک گانا خوب مقبول ہو رہا ہے جسے امریکی ریپر کارڈی بی، بیلا حدید اور جنوبی افریقی کامیڈین ٹریور نواہ جیسی شخصیات بھی شیئر کیے بغیر نہیں رہ سکیں۔

یہ گانا صومالیہ سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ نمکو ہیپی نے پانچ برس قبل گایا تھا جو سوشل میڈیا بالخصوص ٹک ٹاک پر مشہور ہو رہا ہے۔

امریکی ریپر کارڈی بی نے جمعرات کو اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہیں اپنی بہن کے ساتھ صومالین گلوکارہ کے گانے پر ڈانس کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ماڈل بیلا حدید نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 'اسی نفتا' گانے کی ویڈیو شیئر کی۔

علاوہ ازیں جنوبی افریقی کامیڈین ٹریور نواہ نے بھی اس گانے پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی۔

واضح رہے کہ نمکو ہیپی کا یہ گانا پہلی مرتبہ وائرل نہیں ہوا ہے۔ دو برس قبل یہ گانا مشرقی افریقہ میں خوب مقبول ہوا تھا۔ انہوں نے یہ گانا صومالی، انگریزی اور عربی زبان میں بھی گایا ہے۔

نمکو ہیپنی نے 2015 میں اپنے میوزک کریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ اپنے گانے یوٹیوب پر پوسٹ کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر پرفارم بھی کرتی ہیں۔

ان کے وائرل ہونے والے گانے کی ویڈیو جون 2017 میں عید کے موقع پر ایک ٹی وی شو کے دوران پرفارم کرتے وقت ریکارڈ کی گئی تھی۔

گلوکارہ نے امریکی نیوز ویب سائٹ 'بزفیڈ' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں چند روز قبل معلوم ہوا کہ ان کا گانا وائرل ہو گیا ہے اور وہ بے حد خوش ہیں اور اپنے جذبات الفاظ میں بیان نہیں کر سکتیں۔​

نمکو ہیپی نے یہ بھی کہا کہ انہیں بہت اچھا لگ رہا ہے کہ تمام لوگ ان کی زبان میں گانا گا رہے ہیں۔ ان کے بقول "میں نے وہ تمام گانے دیکھے ہیں، کہیں سفید فام لڑکے میرا گانا گا رہے ہیں تو کہیں ایشین لڑکیاں میرا گانا گنگنا رہی ہیں۔"

ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ آخر کار انہیں دنیا میں پہچان مل گئی ہے اور عالمی سطح پر انہیں جانا جا رہا ہے۔

اس خبر میں شامل معلومات امریکی نیوز ویب سائٹ 'بز فیڈ نیوز' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG