رسائی کے لنکس

اسنیپ چیٹ کے ویب ورژن کا اجرا، پانچ ملکوں میں استعمال شروع


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سوشل میڈیا کی مشہور ایپلی کیشن ’اسنیپ چیٹ‘ کی مالک کمپنی اسنیپ انکارپوریشن نے اعلان کیا ہے کہ اسنیپ چیٹ کا ویب ورژن لایا جا رہا ہے۔

پیر کو کمپنی کی جانب سے اعلان میں کہا گیا کہ اب صارفین اپنے کمپیوٹر سے بھی اس ایپلی کیشن کو استعمال کرتے ہوئے تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر سکیں گے جب کہ ویڈیو کال بھی ممکن ہو سکے گی۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق کمپنی نے مزید کہا ہے کہ امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں فی الحال یہ فیچر صرف اسنیپ چیٹ پلس کے صارفین استعمال کر سکیں گے۔ ان صارفین کو 18 جولائی سے اس تک رسائی حاصل ہوگئی ہے۔

اسنیپ چیٹ کے ویب ورژن میں چیٹ ری ایکشن اور چیٹ ری پلائی کے فیچرز بھی شامل کیے جائیں گے جب کہ اس کے ساتھ ساتھ مختلف لینسز کا بھی اضافہ کیا جائے گا۔

اسنیپ کارپوریشن نے گزشتہ ماہ ہی اسنیپ چیٹ پلس کا اجرا کیا تھا جو کہ ایپلی کیشن کا وہ ورژن ہے جس کے ادائیگی کرکے صارفین اس کا استعمال کر رہے ہیں۔

اسنیپ چیٹ پلس ورژن کے لیے امریکہ میں صارفین ماہانہ چار ڈالرز کی ادائیگی کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ اس وقت سوشل میڈیا کے بیشتر پلیٹ فارمز کا ماڈل اشتہارات سے کمائی کے ذریعے ان کو چلانا ہے۔ البتہ اسنیپ چیٹ نے بالکل مختلف حکمتِ عملی اپنائی ہے اور صارفین کو باقاعدہ ادائیگی کے ذریعے اسنیپ چیٹ پلس تک رسائی دی ہے۔

سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز اس وقت انتہائی دباؤ میں ہیں کیوں کہ اس وقت مختلف کمپنیاں اشتہارات کی مد میں کم خرچ کر رہی ہیں۔ ایک جانب کمپنیوں کے اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے تو دوسری جانب صارفین بھی کم خرچ کر رہے ہیں۔

اسنیپ کارپوریشن نے رواں برس مئی میں کہا تھا کہ اگلی سہہ ماہی میں کمپنی کے ریونیو میں کمی آئے گی جب کہ منافع کا ہدف بھی حاصل نہیں کیا جا سکے گا۔ اس لیے کمپنی میں نئے لوگوں کی ملازمتوں اور اخراجات کا عمل سست روی کا شکار رہے گا۔

XS
SM
MD
LG