رسائی کے لنکس

جنوبی وزیرستان: عسکریت پسندوں سے جھڑپ میں پاکستان فوج کے چھ اہل کار ہلاک


پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کی جھڑپ میں پاکستانی فوج کے چھ اہل کار ہلاک جب کہ چار شدت پسند مارے گئے ہیں۔

افواجِ پاکستان کے ترجمان ادارے انٹر سروسز انٹیلی جینس (آئی ایس پی آر) کے مطابق منگل کو جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں چار دہشت گرد مارے گئے جب کہ دو زخمی ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاکستانی فوج کے چھ اہل کار جان کی بازی ہار گئے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنگ کا عمل جاری ہے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملے کی ذمے داری قبول کی ہے۔ تنظیم کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ گھات لگا کر سیکیورٹی فورسز کی دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔

یہ جھڑپ ایسے وقت میں ہوئی ہے جب صوبہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اس معاملے پر پاکستان اور افغانستان میں طالبان حکومت کے درمیان بداعتمادی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان کا یہ الزام رہا ہے کہ ٹی ٹی پی کے افغانستان میں محفوظ ٹھکانے ہیں، لہذٰا طالبان حکومت کو ان کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔

لیکن طالبان حکومت ان الزامات کی تردید کرتی رہی ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG