رسائی کے لنکس

سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک کے 550 ویں جنم دن کی تقریبات


ننکانہ صاحب میں واقع گوردوارہ جنم استھان
ننکانہ صاحب میں واقع گوردوارہ جنم استھان

دنیا بھر میں موجود سکھ مت کے پیروکار اپنے مذہبی پیشوا بابا گورو نانک دیو جی کی 550 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ پاکستان کے شہر ننکانہ صاحب میں ان کے جنم دن کی تقریبات جاری ہیں۔

گورو نانک کے ماننے والے ہر سال 12 نومبر کو ان کا جنم دن مناتے ہیں۔ بابا گورو نانک کا جنم دن اس سال جہاں ان کی 550 ویں سالگرہ کی وجہ سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے وہیں ایک اور خاص بات کرتارپور راہداری کا افتتاح ہے۔

گوردوارہ جنم استھان، ننکانہ صاحب
گوردوارہ جنم استھان، ننکانہ صاحب

کرتارپور راہداری، دو روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایسا راستہ ہے جس کے ذریعے بھارتی سکھ بغیر ویزا لیے بابا گورو نانک کی آخری آرام گاہ کی زیارت کرنے پاکستان آ سکتے ہیں۔

سیکڑوں سکھ اسی راہداری کے ذریعے گورو نانک کے 550ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آئے ہوئے ہیں۔ بابا گورو نانک کے جنم استھان ننکانہ صاحب میں جنم دن کی تقریبات جاری ہیں۔ اس موقع پر یاتریوں کے لیے لنگر کا بھی خاص انتظام کیا گیا ہے۔

پاکستان میں سکھ مت کے پیرو کاروں کے کئی مذہبی مقامات موجود ہیں جنہیں وہ مقدس مقامات کا درجہ دیتے ہیں۔ بابا گورو نانک کا جنم استھان (پیدائش گاہ) اور ان کی سمادھی (آخری آرام گاہ)، دونوں مقامات پاکستان میں ہی موجود ہیں۔

گورو نانک دیو جی 1469 میں لاہور سے 80 کلو میٹر فاصلے پر واقع شہر ننکانہ صاحب میں پیدا ہوئے تھے جب کہ انہوں نے اپنی زندگی کے آخری ایام ضلع نارووال کے علاقے کرتارپور میں گزارے تھے۔ یہیں ان کی آخری آرام گاہ بھی ہے جہاں سے بھارت کی سرحد تک ایک راہداری تعمیر کی گئی ہے۔

گوردوارہ جنم استھان میں یاتریوں کے لیے لنگر تیار کیا جا رہا ہے۔
گوردوارہ جنم استھان میں یاتریوں کے لیے لنگر تیار کیا جا رہا ہے۔

بابا گورو نانک کا جنم دن کیسے منایا جاتا ہے؟

دنیا بھر میں مقیم سکھ مت کے لاکھوں پیروکار اپنے گرونانک دیو جی کا جنم دن جوش و خروش سے مناتے ہیں۔ بالخصوص برصغیر میں زیادہ جوش پایا جاتا ہے کیوں کہ سکھوں کے کئی مرکزی اور مقدس مقامات پاکستان اور بھارت کے بعض علاقوں میں موجود ہیں۔

پاکستان میں گورو نانک کا جنم استھان اور سمادھی جب کہ بھارت کے شہر امرتسر میں واقع گولڈن ٹیمپل کو بھی سکھوں کے مقدس مقام کا درجہ حاصل ہے۔ یہاں دنیا بھر سے سکھ آتے ہیں اور اپنی مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں۔ سکھوں کے اکثر مذہبی تہواروں کی مرکزی تقریبات یہیں منعقد کی جاتی ہیں۔

گورو نانک کے جنم دن کے موقع پر سکھ اپنے گوردواروں میں جمع ہوتے ہیں جہاں وہ اپنی عبادات اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ لنگر میں کئی قسم کے کھانوں کا بھی خاص انتطام کیا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG