رسائی کے لنکس

آئیوا میں ووٹنگ سے پہلے ڈیموکریٹک پارٹی کا آخری مباحثہ


ڈیموکریٹک پارٹی کے تازہ ترین مباحثے میں شریک امیدوار۔
ڈیموکریٹک پارٹی کے تازہ ترین مباحثے میں شریک امیدوار۔

مباحثے میں امیدواروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صرف امریکہ ہی داعش کے خلاف جنگ کا ذمہ دار نہیں ہونا چاہیئے۔

آئیوا میں صدارتی نامزدگی کے ابتدائی مرحلے میں ووٹنگ سے قبل ڈیموکریٹک پارٹی کے آخری مباحثے میں تین امیدواروں نے گن کنٹرول اور صحت پر بحث کی۔

سابق وزیر خارجہ ہلری کلنٹن، ورمونٹ کے سینیٹر برنی سینڈرس اور میری لینڈ کے سابق گورنر مارٹن او مائلی پارٹی کے چوتھے مباحثے کے لیے جنوبی کیرولائنا کے شہر چارلسٹن میں جمع ہوئے۔

گن کنٹرول

سول حقوق کے رہنما مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کو خراج تحسین پیش کرنے اور کم از کم اجرت میں اضافے، ملازمتیں پیدا کرنے اور تنخواہوں میں انصاف کے عزم کا اظہار کرنے کے بعد تینوں امیدواروں کا گن کنٹرول یعنی آتشیں اسلحے سے پیدا ہونے والے تشدد کو قابو کرنے کے حساس موضوع پر اختلاف رائے پیدا ہو گیا۔

ہلری کلنٹن نے برنی سینڈرس کی گن کنٹرول پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سوال پر کہ آتشیں اسلحہ بنانے والوں پر مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے کہ نہیں ’’پس و پیش‘‘ سے کام لے رہے ہیں۔

سینڈرس نے ان کی تنقید کو ’’غیر صاف گو‘‘ قرار دیا ور کہا کہ وہ ہمیشہ گن لابی کے خلاف کھڑے ہوئے ہیں اور گن کنٹرول کو سیاسی مسئلہ نہیں بنانا چاہیئے۔ اسلحے کے کسی جرم میں استعمال کے بعد اسے قانونی طور پر فروخت کرنے والے کسی چھوٹے دکاندار پر مقدمہ درج نہیں ہونا چاہیئے۔

ہلری کلنٹن نے سینیٹر پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے کئی مرتبہ نیشنل رائفل ایسوسی ایشن کے حق میں ووٹ دیا جس میں اسلحہ بنانے والوں کو عدالت میں استثنیٰ کی حمایت بھی شامل ہے۔

تاہم مائیک او مائلی نے یہ کہہ کر میدان مار لیا کہ ہلری کلنٹن اور برنی سینڈرس کے گن کنٹرول کے متعلق مؤقف میں بہت غیر مستقل مزاجی رہی ہے جبکہ تینوں میں سے وہ واحد امیدوار ہیں جنہوں نے اپنی گن پالیسی کو تبدیل نہیں کیا۔

صحت

مباحثے سے چند گھنٹے قبل سینڈرس نے صحت کا ایک نیا منصوبہ متعارف کرایا تھا جو ان کے بقول ہر امریکی کو صحت کا حق دلانے میں مدد دے گا۔ ان کا کہنا تھا لاکھوں امریکی اب بھی مناسب انشورنس سے محروم ہیں اور صحت پر بہت پیسہ خرچ کرتے ہیں۔

تاہم ہلری کلنٹن نے سینڈرس پر الزام عائد کیا کہ وہ صدر براک اوباما کا صحت کا منصوبہ ختم کرکے دوبارہ سے نیا منصوبہ متعارف کرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اوباما کے منصوبے میں ترامیم کرکے اسے مزید بہتر بنانا چاہتی ہیں۔

داعش

مباحثے میں امیدواروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صرف امریکہ ہی داعش کے خلاف جنگ کا ذمہ دار نہیں ہونا چاہیئے۔

برنی سینڈرس نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ سعودی عرب اور قطر جیسے علاقے کے امیر ممالک اس جنگ میں شریک ہوں۔ انہوں نے اس مسئلے کے سیاسی حل کی حمایت کی جس میں روس ایران اور ان کے مسلم اتحادی شامل ہوں۔

کلنٹن نے کہا کہ علاقے میں بہت سی طاقتیں کام کر رہی ہیں جن پر امریکہ اپنا اثرورسوخ استعمال نہیں کر سکتا۔ انہوں نے صدر اوباما کی مقامی جنگجوؤں کی حمایت، داعش کے خلاف فضائی کارروائیوں اور سیاسی حل کی طرف پیش رفت کی پالیسی کی تعریف کی۔

تازہ ترین تجزیوں کے مطابق آئیوا میں ہلری کلنٹن اور برنی سینڈرس کی مقبولیت تقریباً برابر ہے جبکہ نیو ہیمشائر میں سینڈرس کو کلنٹن کی نسبت 14 فیصد زیادہ حمایت حاصل ہے جہاں اگلے ماہ صدارتی نامزدگی کے لیے پہلے ابتدائی انتخابات منعقد کرائے جائیں گے۔ او مائلی کو صرف دو فیصد حمایت حاصل ہے۔

XS
SM
MD
LG