رسائی کے لنکس

لتا کی آخری رسومات کے موقع پر شاہ رخ کی دعا؛ بھارت میں بحث چھڑ گئی


سوشل میڈیا پر لتا منگیشکر کی آخری رسومات کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئیں جن میں سے شاہ رخ خان کی دعا کے لیے ہاتھ اٹھائے تصویر پر بھارت میں بحث کا سلسلہ جاری ہے۔
سوشل میڈیا پر لتا منگیشکر کی آخری رسومات کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئیں جن میں سے شاہ رخ خان کی دعا کے لیے ہاتھ اٹھائے تصویر پر بھارت میں بحث کا سلسلہ جاری ہے۔

بھارت کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر کی اتوار کو ممبئی میں آخری رسومات کے موقع پر جہاں ہر آنکھ اشک بار نظر آئی وہیں اس موقع پر بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی 'دعا' موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔

ممبئی کے شیوا جی پارک میں آنجہانی گلوکارہ کی آخری رسومات کے موقع پر بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی، بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان، کرکٹر سچن ٹنڈولکر سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی تھی۔

سوشل میڈیا پر لتا کی آخری رسومات کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئیں جن میں شاہ رخ خان کی دعا کے لیے ہاتھ اٹھائے تصویر پر بھارت میں بحث کا سلسلہ جاری ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی منیجر پوجا ددلانی کو دیکھا جا سکتا ہے۔ پوجا نے ہندو روایت کے مطابق 'پرانام' یعنی دونوں ہاتھ جوڑے ہوئے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے شاہ رخ خان نے دعا کے لیے ہاتھ بلند کیے ہوئے ہیں۔

وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں شاہ رخ خان کو دعا مانگنے کے بعد میت پر پھونکتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ ان تصاویر اور ویڈیوز کے سامنے آنے کے بعد بھارت میں ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ 'شاہ رخ خان' بھی ٹرینڈ کرنے لگا۔

شاہ رخ کے چاہنے والے ان کے اس عمل کو پسند کر رہے ہیں جب کہ ہندو انتہا پسند اور بعض سیاست دانوں کا اس پر شدید ردِ عمل سامنے آیا ہے۔

ریاست ہریانہ سے تعلق رکھنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے عہدیدار ارن یادو نے شاہ رخ خان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا یہ ان پر تھوک رہے ہیں؟

بی جے پی کے ریاست اتر پردیش کے ترجمان پراشانت امراؤ نے بھی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ "شاہ رخ خان تھوک رہے ہیں۔"

الوک بھٹ نامی صارف نے شاہ رخ خان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ سوال یہ نہیں ہے کہ شاہ رخ خان نے تھوکا ہے یا نہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا انہوں نے ایسا کرنے کے لیے لتا منگیشکر کے گھر والوں سے اجازت لی؟

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ہندو سلیبریٹی کسی مسلمان کی میت پر گنگا جل چھڑکے تو کیا یہ قابلِ قبول ہو گا؟

تاہم شاہ رخ خان پر تنقید کے جواب میں کانگریس رہنما سمیت اداکار کے چاہنے والوں کی جانب سے بھی ردِ عمل سامنے آ رہا ہے۔

کانگریس رہنما سپریا شری ناتے نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ "مرنے والے کے لیے کی گئی دعا کو توڑ مرڑ کر پیش کرنا برائی ہے۔"

بی جے پی سے کنارہ کشی کرنے والے سابق رہنما چندرا کمار بوس نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "لتا منگیشکر کی آخری رسومات کے موقع پر شاہ خان کی دعا بھارت کے حقیقی ورثہ اور ثقافت کی عکاسی کرتی ہے اور ایسا کرنا تعصب پھیلانے والوں سے ہضم نہیں ہو رہا۔"

ایکٹیوسٹ عائشی گھوش نے شاہ رخ خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ "نفرت اس پر غالب نہیں آ سکتی۔"

کانگریس کے رہنما عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ" یہ صرف ایک تصویر نہیں بلکہ مکمل ہندوستان ہے۔"

علی شیخ نامی صارف نے کہا کہ "اکثر ہمارے پاس اپنی قوم کی خوبصورتی بیان کرنے کے لیے الفاظ کم پڑ جاتے ہیں۔ میرے خیال میں یہ ایسا ہی ایک لمحہ ہے۔"

ایک اور صارف نے کہا کہ "یہ آج انٹرنیٹ کی سب سے بہترین تصویر ہے، یہ ہمارا بھارت ہے۔"

رینوکا نے کہا کہ "شاہ رخ خان کو کسی وجہ کے سبب ہی پسند کیا جاتا ہے۔"

XS
SM
MD
LG