رسائی کے لنکس

کنگ خان کی چار برس بعد فلم 'پٹھان' میں واپسی


'پٹھان' کی ہدایت سدھارتھ انند نے دی ہے جب کہ فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ اداکارہ دیپیکا پڈوکون، اور جان ابراہم ایکشن میں نظر آئیں گے۔
'پٹھان' کی ہدایت سدھارتھ انند نے دی ہے جب کہ فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ اداکارہ دیپیکا پڈوکون، اور جان ابراہم ایکشن میں نظر آئیں گے۔

بالی وڈ کے ' کنگ خان' تقریباً چار برس بعد سلور اسکرین پر انٹری دینے کو تیار ہیں۔اس بار وہ ایک نئے انداز میں فلم میں نظر آئیں گے جس کا مداح بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

شاہ رخ خان نے بدھ کو ایک ٹوئٹ میں اپنی نئی آنے والی فلم 'پٹھان' سے متعلق ایک ویڈیو جاری کی ہے اور اسی کے ساتھ انہوں نے فلم کی ریلیز کا اعلان بھی کیا ہے۔

اداکار نے مداحوں کوکہا کہ "میں جانتا ہوں کہ دیر ہوچکی ہے لیکن یہ تاریخ یاد رکھیں، آپ سب سے 25 جنوری 2023 میں سنیما میں ملتے ہیں۔"

شاہ رخ خان نے یہ بھی بتایا کہ ان کی فلم ہندی، تامل اور تیلگو زبان میں ریلیز کی جائے گی۔

فلم کی ہدایت سدھارتھ انند نے دی ہے جب کہ فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم ایکشن میں نظر آئیں گے۔

'پٹھان' کی پہلی جھلک میں فلم ایکشن اور سنسنی سے بھرپور نظر آ رہی ہے جب کہ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلم میں شاہ رخ خان ایک جاسوس کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

فلم کی مختصر جھلک میں دیکھا جا سکتا ہے اداکارہ دیپیکا اور جان ابراہم شاہ رخ خان کے کردار کا تعارف کرا رہے ہیں جو اپنے ملک کا محافظ ہے۔

ٹریلر میں شاہ رخ خان کو لمبے بالوں میں دیکھا جا سکتا ہے جو بظاہر خاصا منفرد کردار لگ رہا ہے۔

اداکار شاہ رخ خان کی چار برس بعد فلم کی ریلیز کے اعلان پر ان کے چاہنے والوں کی جانب سے بھی ردِ عمل سامنے آ رہا ہے۔

منوج نامی ایک ٹوئٹر صارف نے فلم کے ٹریلر پر کہا کہ"ویلکم بیک کنگ شاہ رخ خان۔"

بھارتی گلوکار اور موسیقار امل ملک نے کہا کہ "ہمارے کنگ نے سلور اسکرین پر شاندار انداز میں واپسی کا اعلان کیا ہے، ہم سب پٹھان سے بہت جلد ملیں گے۔"

ڈاکٹر شیخ آمنہ نامی صارف کہتی ہیں کہ کنگ خان' پٹھان' کی ریلیز کے ساتھ واپس آ گیا ہے۔

یاد رہے کہ شاہ رخ خان آخری بار سال2018 میں فلم 'زیرو' میں نظر آئے تھے۔ 'زیرو' میں شاہ رخ خان کے ساتھ اداکارہ کترینہ کیف اور انوشکا شرما نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے تاہم یہ فلم باکس آفس پر کامیابیاں سمیٹنے میں ناکام رہی تھی۔

بھارتی اخبار 'ہندوستان ٹائمز' کے مطابق اداکار شاہ رخ خان گزشتہ چند برسوں سے پروڈکشن کی سرگرمی میں مصروف تھے۔ سن 2020 میں انہوں نے اپنے پروڈکشن ہاؤس 'ریڈ چیلیز انٹرٹینمنٹ' کے بینر تلے دو فلمیں 'کامیاب' اور 'کلاس آف 83' پروڈیوس کی تھیں۔

سال 2021 میں 'ریڈ چیلیز انٹرٹینمنٹ' کی پروڈکشن میں فلم 'بوب بسواس' ریلیز ہوئی تھی جس میں ابھیشیک بچن نے اداکاری کی تھی۔

علاوہ ازیں اداکارہ دیپیکا پڈوکون کو آخری بار او ٹی ٹی پلیٹ فارم 'ایمیزون پرائم' پر حال ہی میں آنے والی فلم 'گہرائیاں' میں دیکھا گیا ہے۔ اداکارہ اس سے قبل شاہ رخ خان کے ساتھ 'اوم شانتی اوم'، 'چنائی ایکسپریس' اور 'ہیپی نیو ایئر' میں کام کر چکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG