رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کوالی فائنگ راؤنڈ میں ایک اور اپ سیٹ، ویسٹ انڈیز کو شکست


ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 160 رنز کے جواب میں 118 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 160 رنز کے جواب میں 118 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

اسکاٹ لینڈ نے دو مرتبہ کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فاتح ویسٹ انڈین ٹیم کو اپ سیٹ شکست دی ہے۔ اس سے قبل اتوار کو نمیبیا نے ایشین چیمپئن سری لنکا کو ہرا کر اپ سیٹ کیا تھا۔

پیر کو ہوبارٹ کے بیلریو اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پوران نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو اسکاٹ لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین بیٹںگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 19ویں اوور میں 118 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

دو مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی ویسٹ انڈین ٹیم کی جانب سے جیسن ہولڈر 38 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے جب کہ چھ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہو سکے۔ کیل مائر 20، ایون لیوس 14 اور برینڈن کنگ 17 رنز بنا سکے۔

اسکاٹ لینڈ کے مارک ویٹ نے تین، بریڈ وہیل اور مچل لیسک نے دو، دو جب کہ جوش ڈیوی اور سفیان شریف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل اسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹںگ کی تو اوپننگ بلے باز جارج منسی نے 53 گیندوں پر 66 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

دیگر نمایاں بلے بازوں میں کولام میکلوڈ، مائیکل جونز اور کپتان رچی برینگٹن نے بالترتیب 23، 20 اور 16 رنز کی اننگز کھیلی۔

میچ میں 66 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلنے والے جارج منسی کو 'مین آف دی میچ' کے اعزاز سے نوازا گیا۔

واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نمیبیا نے سری لنکا کو 55 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی ہے۔

نمیبیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 163 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 108 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG