رسائی کے لنکس

صنعا: سعودی اتحاد کے فضائی حملے، 30 افراد ہلاک


بدھ کو یمن کے دارالحکومت میں پولیس کے ایک کیمپ پر کی گئی فضائی کارروائی میں کم از کم 30 افراد ہلاک ہوئے۔

علی الصبح ہونے والی اِس فضائی کارروائی کے دوران ایک قیدخانہ بھی نشانہ بنا، جو صنعا میں ملٹری پولیس کے احاطے میں واقع ہے، جو باغیوں کے زیرِ کنٹرول ہے۔ اس کارروائی میں کم از کم 80 افراد زخمی ہوئے۔

یہ فضائی حملہ سعودی قیادت والے اتحاد نے باغیوں کے خلاف کیا، جس مہم جوئی میں، جس کا آغاز مارچ 2015ء میں ہوا، اب تک کوئی کمی نہیں آئی؛ حالانکہ اتوار کے روز اقوام متحدہ کے سربراہ، انتونیو گئیٹرس نے اس لڑائی کو ’’پاگل پن‘‘ کہتے ہوئے اسے بند کرنے کے لیے نئے سرے سے اپیل کی تھی۔

اتوار کے روز سعودی قیادت والے اتحاد کی فضائی کارروائیوں میں کم از کم 26 باغی جنگجو ہلاک ہوئے، جو دارالحکومت کے شمال مغرب میں واقع ایک تربیتی کیمپ پر کیا گیا۔ جمعے کے روز، صنعا میں باغیوں کے زیرِ قبضہ ٹیلی ویژن اسٹیشن پر فضائی کارروائی میں چار محافظ ہلاک ہوئے۔

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے جمعے کے روز سعودی عرب پر زور دیا تھا کہ یمن میں اپنی فوجی مداخلت بند کرے، جس ملک میں دو برس سے جاری خانہ جنگی کے نتیجے میں انسانی بحران کا ایک سلسلہ چل پڑا ہے۔

گذشتہ ہفتے، ایران کے حامی حوثی باغیوں کے ہاتھوں یمن کے سابق صدر علی عبداللہ صالح ہلاک ہوئے، جن کے خائف اتحادی اُنہی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے، جس کے نتیجے میں ملک مزید غیریقینی صورت حال کا شکار اور تشدد کی بھینٹ چڑھ گیا ہے، جس کے باعث تین برس قبل شروع ہونے والے کثیر فریقی تنازعے میں لڑائی کی صورت حال سنگین تر ہوگئی ہے۔

XS
SM
MD
LG