رسائی کے لنکس

سلمان خان کی 'ٹائیگر 3' دو روز میں 100 کروڑ کلب میں شامل


بالی وڈ کے سلطان سلمان خان کی نئی فلم 'ٹائیگر 3' ریلیز ہوتے کے ساتھ ہی چھا گئی ہے۔ فلم نے صرف دو روز میں 102 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کر لیا ہے۔

فلم اتوار کو دیوالی کے تہوار کے موقع پر ریلیز ہوئی تھی۔ بھارتی میڈیا کمپنی 'سیک نلک' کے اعداد و شمار کے مطابق فلم نے پہلے روز بھارت سے لگ بھگ 44.5 کروڑ جب کہ دوسرے روز 57.52 کروڑ بھارتی روپے کمائے ہیں۔

'سیک نلک' کے اعداد و شمار کے مطابق فلم نے دنیا بھر سے مجموعی طور پر لگ بھگ 94.8 کروڑ بھارتی روپے کمائے ہیں۔
ایکشن اور تھرل سے بھرپور اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ اداکارہ کترینہ کیف نے اداکاری کی ہے۔ فلم میں عمران ہاشمی ولن کے روپ میں نظر آئے ہیں۔

فلم کی ہدایات منیش شرما نے دی ہیں جب کہ اسے ادتیا چوپڑا نے پروڈیوس کیا ہے۔

بھارتی اخبار 'ٹائمز آف انڈیا' کے مطابق ٹائیگر فرنچائز کی پہلی فلم 'ایک تھا ٹائیگر' 100 کروڑ کلب میں شامل ہو سکی تھی۔

فلم کے دوسرے پارٹ 'ٹائیگر زندہ ہے' نے 500 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا۔ اب فلم کے تیسرا پارٹ یعنی 'ٹائیگر 3' 500 کروڑ کلب میں شامل ہو پائے گی یا نہیں، اس کے لیے ابھی تھوڑا انتظار کرنا ہو گا۔

واضح رہے کہ رواں برس عید الفطر پر سلمان خان کی فلم 'کسی کا بھائی کسی کی جان' ریلیز ہوئی تھی جو باکس آفس پر اچھا بزنس نہیں کر سکی تھی۔

اس سے قبل سلمان خان کی 2021 میں ریلیز ہونے والی فلم 'رادھے' بھی شائقین کو متاثر کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی تھی۔ فلم نے باکس آفس پر صرف لگ بھگ 18 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا۔

فورم

XS
SM
MD
LG