رسائی کے لنکس

کیا امریکی بائیکرز کی گھن گرج خاموش ہو جائے گی؟


امریکہ میں آج سابقہ فوجیوں کی خدمات کے اعتراف میں ان کی یاد منانے کا دن ہے جسے میموریل ڈے کہا جاتا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے اتوار کے روز امریکی دارالحکومت میں ملک بھر سے آنے والے بائیکرز کی روایتی پریڈ ہوئی جسے ’رولنگ تھنڈر‘ یعنی ’دوڑتی چنگھارٹی ہوئی موٹر سائیکلوں کی گھن گرج‘ سے موسوم کیا جاتا ہے۔

لوگ دور دور سے بائیکرز کی اس پریڈ کی گھن گرج کا نظارہ کرنے آتے ہیں۔ جب ہزاروں ہارلے ڈیوڈسن موٹر سائیکلوں کے طاقتور انجنوں سے ایک ساتھ شور بلند ہوتا ہے تو ان کے دل زور زور سے دھڑکنے لگتے ہیں اور وہ کانوں پر ہاتھ رکھ لیتے ہیں۔

رولنگ تھنڈر پریڈ کا ایک منظر
رولنگ تھنڈر پریڈ کا ایک منظر

تاہم، رولنگ تھنڈر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آر ٹی مولر کا کہنا ہے کہ اس بار واشنگٹن میں موٹر سائیکلوں کی یہ گھن گرج آخری بار دیکھی اور سنی جا رہی ہے اور اگلے سال سے لوگ اسے نہیں دیکھ پائیں گے۔

تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ رولنگ تھنڈر اگلے سال بھی واشنگٹن لوٹے گا اور شاید مستقبل کے بہت سے برسوں تک یہ بائیکرز یہاں آتے رہیں گے۔

لیکن آرٹی مولر کا کہنا ہے کہ جہاں تک خود اُن کا تعلق ہے، یہ آخری رولنگ تھنڈر ہو گا، کیونکہ بہت سے بائیکرز دو یا تین ہزار میل کا سفر طے کر کے دور دراز کے علاقوں سے آتے ہیں اور ان میں سے بیشتر عمر سیدہ ہو جانے کے باعث اس قدر طویل سفر کی سکت نہیں رکھتے۔

واشنگٹن میں 32 ویں سالانہ رولنگ تھنڈر میں شامل ایک سابق فوجی اپنی موٹر سائیکل پر قومی پرچم کے ساتھ۔
واشنگٹن میں 32 ویں سالانہ رولنگ تھنڈر میں شامل ایک سابق فوجی اپنی موٹر سائیکل پر قومی پرچم کے ساتھ۔

اُنہوں نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ واشنگٹن میں اجتماعی طور پر اکٹھے ہو کر پریڈ کرنے کے بجائے اب امریکہ کے تمام بڑے شہروں میں مقامی سطح پر بائیکرز کی پریڈ کا انتظام کیا جائے گا۔

تاہم، اُن کا کہنا تھا کہ اگر صدر ٹرمپ نے اُنہیں بات چیت کے لیے وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت دی تو وہ ضرور جائیں گے۔

امریکہ میں بائیکرز کے رولنگ تھنڈر کا آغاز 1988 میں ہوا تھا۔ امریکہ کے تمام علاقوں سے آنے والے بائیکرز پہلے پینٹاگان کی پارکنگ لاٹ میں اکٹھے ہوتے ہیں اور پھر پورے گھن گرج کے ساتھ مختلف پلوں پر سے ہوتے ہوئے واشنگٹن ڈاؤن ٹاؤن سے گذرتے ہیں۔

بائیکرز واشنگٹن کی ایک معروف شاہراہ سے گذر رہے ہیں
بائیکرز واشنگٹن کی ایک معروف شاہراہ سے گذر رہے ہیں

آرٹی مولر نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی تنظیم اس ایونٹ کے لیے پینٹاگان کو خطیر فیس ادا کرتی ہے۔ پھر بھی اُن کے سپانسرز اور سٹال لگانے والوں کو پینٹاگان کی پارکنگ لاٹ تک رسائی نہیں دی گئی۔

گزشتہ کئی برسوں سے میموریل ڈے اور بائیکرز کا رولنگ تھنڈر لازم و ملزوم چلے آ رہے ہیں۔ اس دن جہاں لوگ سابق فوجیوں کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور آرلنگٹن میں واقع فوجی قبرستان میں اپنی جانیں قربان کرنے والے فوجیوں کی قبروں پر حاضری دیتے ہیں اور پھول چڑھاتے ہیں، وہاں سابق فوجی اپنی طاقت ور موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کردارالحکومت کی سڑکوں پر پریڈ میں حصہ لیتے ہیں۔

دوسری جنگ عظیم میں حصہ لینے والا 93 سالہ سابق فوجی سارجنٹ بروس ہیل مین،’ رولنگ تھنڈر پریڈ‘ کے موقع پر۔ 26 مئی 2019
دوسری جنگ عظیم میں حصہ لینے والا 93 سالہ سابق فوجی سارجنٹ بروس ہیل مین،’ رولنگ تھنڈر پریڈ‘ کے موقع پر۔ 26 مئی 2019

اس دن امریکی اپنی 243 سالہ تاریخ کے دوران فوجیوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق مختلف جنگوں میں 11 لاکھ امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے 5 لاکھ کے لگ بھگ فوجی 19ویں صدی کی خانہ جنگی کے دوران ہلاک ہوئے تھے۔

32 ویں سالانہ رولنگ تھنڈر پریڈ میں شامل ایک سابق فوجی سلامی دیتے ہوئے گزر رہا ہے۔ اس بار پریڈ کا ٹائیٹل تھا آزادی کے لیے سفر، 26 مئی 2019
32 ویں سالانہ رولنگ تھنڈر پریڈ میں شامل ایک سابق فوجی سلامی دیتے ہوئے گزر رہا ہے۔ اس بار پریڈ کا ٹائیٹل تھا آزادی کے لیے سفر، 26 مئی 2019

امریکہ کے شمالی اور جنوبی علاقوں کے درمیان اس لڑائی کے نتیجے میں امریکہ میں سیاہ فاموں کو غلامی سے نجات ملی۔ اس کے علاوہ دوسری عالمی جنگ میں بھی چار لاکھ امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG