رسائی کے لنکس

غزہ امدادی سامان پہنچانے والے ریڈکراس کے قافلے پر فائرنگ


غزہ میں رفح کراسنگ کے قریب انسانی ہمدردی کا سامان لانے والے ایک ٹرک سے سامان اتارا جا رہا ہے۔ 2 فوٹو اے پی نومبر 2023
غزہ میں رفح کراسنگ کے قریب انسانی ہمدردی کا سامان لانے والے ایک ٹرک سے سامان اتارا جا رہا ہے۔ 2 فوٹو اے پی نومبر 2023

ریڈکراس کی بین الاقوامی کمیٹی نے کہا ہے کہ منگل کے روز انسانی ہمدردی کی امداد لے جانے والا قافلہ اس وقت فائرنگ کی زد میں آ گیا جب وہ ایک اسپتال اور فلسطینی ہلال احمر کو سامان پہنچانے جا رہا تھا۔

انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس( آئی سی آر سی) کے غزہ میں ذیلی وفد کے سربراہ ولیم شومبرگ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہاں ایسے حالات نہیں ہیں جس میں انسانی ہمدردی کی امداد سے متعلق اہل کار کام کر سکیں۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ فائرنگ کس نے کی تھی۔

شومبرگ کا کہنا تھا کہ ’’ ہم یہاں ضرورت مند شہریوں کے لیے فوری نوعیت کی امداد پہنچانے کے لیے آئے ہیں۔ اس بات کو یقینی بنانا کہ اہم امداد طبی مراکز تک پہنچ سکے، بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ایک قانونی ذمہ داری ہے۔

آئی سی آر سی نے کہا کہ پانچ ٹرکوں اور دو گاڑیوں پر مشتمل ایک قافلہ القدس اسپتال سمیت صحت کے مراکز کے لیے سامان لے کر جا رہا تھا۔فائرنگ سے ایک ڈرائیورمعمولی زخمی ہوا، اور دو ٹرکوں کو نقصان پہنچا۔

امدادی قافلے نے اپنا راستہ تبدیل کیا اور وہ الشفا اسپتال تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا، جہاں اس نے سامان دے دیا۔ اس کے بعد امدادی قافلے نے شدید زخمی مریضوں کو چھ ایمبولینسز کے ساتھ مصر کی سرحد سے منسلک رفح کراسنگ تک پہنچایا۔

مصری حدود میں امدادی سامان سے بھرا ہوا ایک ٹرک رفح کراسنگ کے راستے غزہ جانے کے لیے اجازت کا منتظر۔
مصری حدود میں امدادی سامان سے بھرا ہوا ایک ٹرک رفح کراسنگ کے راستے غزہ جانے کے لیے اجازت کا منتظر۔

گزشتہ دنوں شمالی غزہ میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام چلنے والا ایک اسکول بھی حملے کا نشانہ بنا جس سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ وہ ان ساڑھے پانچ ہزار افراد میں شامل تھا جنہوں نے وہاں پناہ لے رکھی تھی۔ اس حملے میں دیگر 9 افراد زخمی بھی ہوئے۔

اسرائیل کی جانب سے 21 اکتوبر کو محدود امداد کی فراہمی کی اجازت ملنے کے بعد حماس کےزیر کنٹرول غزہ کی پٹی میں امدادی سامان پہنچ گیا ہے۔

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ 500 ٹرکوں کے ذریعے صرف خوراک، پانی اور طبی سامان پہنچایا گیا ہے لیکن اسرائیل کے محاصرے میں نرمی کے بعد سے غزہ کی پٹی میں ایندھن فراہمی کی اجازت نہیں ہے۔

7 اکتوبر کو جنگ شروع ہونے سے قبل سامان کے ٹرک اتنی تعداد میں روزانہ غزہ میں آتے تھے۔

غزہ میں رفح کراسنگ کے قریب فلسطینی ایک ٹرک پر سے امدادی سامان اتار رہے ہیں۔ 2 نومبر 2023
غزہ میں رفح کراسنگ کے قریب فلسطینی ایک ٹرک پر سے امدادی سامان اتار رہے ہیں۔ 2 نومبر 2023

اسرائیل پر حماس کے حملے میں 1400 افراد ہلاک ہوئے تھے اور 240 کو یرغمال بنا لیا گیاتھا، جب کہ اس بڑے حملے کے ایک ماہ بعد اسرائیل کی جوابی کارروائی میں ، حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق 10 ہزار سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

جنگ کی قیمت خواتین اور بچے چکا رہے ہیں

بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی نے کہا ہے کہ جنگ کی وجہ سے غزہ اور اسرائیل میں شہریوں کو شدید مصائب اور نقصانات کا سامنا کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے اور اس لڑائی کو روکنے کی ضرورت ہے۔

آئی سی آر سی کے صدر مرجاناسپولیجارک نے کہا ہے کہ اس میں سب سے زیادہ اذیت بچوں کو برداشت کرنا پڑ رہی ہے۔ بچوں کو ان کے خاندانوں سے جدا کر کے یرغمال بنا لیا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج کے شہر میں داخلے کے پیش نظر فلسطینی اپنے گھر چھوڑ کر جنوبی علاقے کی جانب جا رہے ہیں۔ ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے گدھا گاڑیاں استعمال کی جا رہی ہیں۔ 8 نومبر 2023
اسرائیلی فوج کے شہر میں داخلے کے پیش نظر فلسطینی اپنے گھر چھوڑ کر جنوبی علاقے کی جانب جا رہے ہیں۔ ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے گدھا گاڑیاں استعمال کی جا رہی ہیں۔ 8 نومبر 2023

غزہ میں بین الاقوامی ریڈ کراس کے سرجن ان چھوٹے بچوں کا علاج کر رہے ہیں جن کی جلد بڑے پیمانے پر جھلس چکی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیریس نے منگل کو ایک بار پھر یرغمالوں کی رہائی اور انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے لیے اپنی اپیل کو دوہرایا۔

اقوام متحدہ کے آبادی سے متعلق ادارے پاپولیشن فنڈ کا کہنا ہے کہ غزہ میں تقریباً 50 ہزار حاملہ خواتین اورلگ بھگ ساڑھے پانچ ہزار نوزائیدہ بچے ہیں، لیکن، اب تک، ان کے لیے زچگی کے سامان کے صرف دو ٹرک بھیجنے کی اجازت دی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے آبادی سے متعلق ادارے کی ڈائریکٹر نتالیہ کینم نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کے پاس ان حالات میں روزانہ 180 خواتین بچوں کو جنم دے رہی ہوں تو ان کے لیے خوراک، پانی، ادویات اور بچے کی پیدائش سے منسلک سرجری کی سہولت اور نوزائیدہ بچے کی دیکھ بھال کا انحصار ایندھن کی دستیابی پر ہے۔

غزہ میں ایک خاتون شفا اسپتال میں اپنے زخمی بچے کی دیکھ بھال کر رہے ہے۔ دیگر دو بچے اس کی گود میں ہیں۔ 23 اکتوبر 2023
غزہ میں ایک خاتون شفا اسپتال میں اپنے زخمی بچے کی دیکھ بھال کر رہے ہے۔ دیگر دو بچے اس کی گود میں ہیں۔ 23 اکتوبر 2023

ان کا کہنا تھا کہ حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو بھی دوسرے لوگوں کے مقابلے میں زیادہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ پانی صاف اور محفوظ ہونا چاہیے۔

اسرائیل نے غزہ میں ایندھن کے داخلے پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس فوجی مقاصد کے لیے ایندھن کا ذخیرہ کر رہی ہے ۔

جب کہ نتالیہ کینم کا کہنا ہے کہ یہ چیزیں زندگی بچاتی ہیں۔ یہ بہت اہم ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ زندگی لڑائیوں کے دوران بھی چلتی رہتی ہے۔اور ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ حمل اور ولادت کے وقت یہ چیزیں ان کے پاس ہوں۔

(مارگریٹ بشیر، وی او اے نیوز)

فورم

XS
SM
MD
LG