رسائی کے لنکس

راولپنڈی: صدر بازار میں بم دھماکہ، ایک شخص ہلاک


صدر بازار
صدر بازار

راولپنڈی کینٹ کے رہائشی علاقے صدر بازار میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ایک شخص ہلاک، جبکہ تین بچوں سمیت تیرہ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے فراہم کردہ ابتدائی معلومات کے مطابق، دھماکہ خیز مواد بجلی کے کھمبے کے ساتھ نصب کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ راولپنڈی کینٹ کا صدر بازار پاکستان فوج کے ہیڈکوراٹر، جی ایچ کیو سے ملحقہ ہونے کے باعث حساس علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی طبی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق، دھماکے کے نتیجے میں تیرہ افراد زخمی ہوئے جن میں ایک بزرگ اور تین بجے بھی شامل ہیں۔

ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت عارفین ولد اکرم کے نام سے ہوئی ہے جو دھماکے کی جگہ کے قریب ٹھیلا لگائے ہوئے تھا۔

زخمی بچوں کے نام عباس، سفیان، ولی بتائے گئے ہیں جبکہ دیگر زخمی افراد میں عمران ولد اقبال، شمریز ولد یعقوب، ناصر ولد افسر، شاہد ولد علی محمد، خدا بخش ولد فیض بخش، حماد ولد بلال، حر ولد نثار، احمد دین ولد نور دین فراز ولد محمد الیاس شامل ہیں۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی، کیپٹن (ر) انوار الحق نے دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق، امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ دھماکہ ٹائم بم کے ذریعے کھمبے میں نصب مواد سے کیا گیا۔

بم ڈسپوزل سکواڈ سمیت تحقیقاتی اداروں نے موقع سے شواہد اکٹھے کرنے کے علاوہ زخمیوں اور عینی شاہدین کے بیان بھی ریکارڈ کر لئے ہیں۔

راولپنڈی پولیس کے مطابق، دھماکے کی نوعیت معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق، انسداد دہشتگردی کے ادارے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقعہ پر تفتیش میں مصروف ہیں اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ خیز مواد بجلی کے کھمبے کے ساتھ نصب کیا گیا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ فرانزک سائنس لیب اور تفتیشی ٹیمیں بھی موقعہ سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ''دھماکہ دہشتگردی کی مزموم کوشش ہے اور عوام الناس کی جان سے کھیلنے والے قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکیں گے''۔

XS
SM
MD
LG