رسائی کے لنکس

ہالی وڈ اسٹار راج پال یادیو کو قید کی سزا اور رہائی


لگتا کچھ یوں ہے کہ بالی وڈ اور تھانے کچہری کا چولی دامن کا ساتھ ہو گیا ہے۔ سلمان خان سے لے کر سجنے دت تک نامی گرامی بالی وڈ اداکار کسی نہ کسی ’چکر‘ میں کبھی عدالتوں کے چکر لگاتے نظر آتے ہیں یا پھر اس سے بڑھ کر جیل کی ہوا کھاتے نظر آتے ہیں، چاہے وہ مختصر مدت کے لئے ہو یا زیادہ عرصے کے لئے۔

بالی وڈ کی عدالت یاترا اور سزا کی ‘بینڈویگن‘ میں تازہ اضافہ چھوٹے قد کے بڑے اداکار راج پال یادیو ہیں۔ ’انڈیا ٹوڈے‘، ’زی ٹی وی‘، ’این ڈی ٹی وی‘ اور دیگر بھارتی چینلز نے خبر دی ہے کہ دہلی کی ایک عدالت نے چیک باؤنس ہونے کے کیس میں 6 ماہ قید کی سزا سنائی اور 11 کروڑ 20 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔

سزا سنائے جانے کے بعد راج پال کی ضمانت بھی منظور ہوگئی اور انہیں رہائی مل گئی۔ راج پال نے فوراً ہی سزا کے خلاف اعلیٰ عدالت جانے کا اعلان بھی کر دیا۔

میں، میری بیوی اور وہ‘، ’بھاگم بھاگ‘، ’پارٹنر‘ اور دیگر فلموں میں حقیقی اداکاری کرنے والے راج پال یادیو اور ان کی اہلیہ کے خلا ف ایک تاجر نے مقدمہ درج کرایا تھا۔

مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ اداکار نے اپنی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی فلم ’اتا پتا لاپتہ‘ کے لئے پانچ کروڑ روپے قرض لئے اور واپس نہیں کئے۔جو چیک دئیے وہ بھی باؤنس ہوگئے۔

قرض کی عدم ادائیگی پر راج پال یادیو پر7 مقدمات درج کئے گئے تھے جس میں انہیں چھ ماہ قید اور مجموعی طور پر 11 کروڑ 20 لاکھ جرمانے کی سزا ہوئی۔

راج پال یادیو کی اہلیہ کو بھی 10 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنائی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG