رسائی کے لنکس

کوئٹہ بم دھماکے میں دو افراد ہلاک، متعدد زخمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں چند ماہ کی خاموشی کے بعد منگل کی شام کو تشدد کے ایک واقعہ میں دو افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے مشرقی بائی پاس پر سڑک کے کنارے دکانوں کے قریب ایک ایسی موٹر سائیکل کھڑی کی گئی جس پر دیسی ساخت کا بارودی مواد نصب تھا۔ اس میں ٹائم ڈیوائس کے ذریعے ایک زوردار دھماکہ کیا گیا۔

بارودی مواد میں دھماکہ غروب آفتاب کے وقت ہوا جس کی زد میں 19 شہری آ گئے۔

تمام زخمیوں کو پولیس اور دیگر امدادی اداروں کی گاڑیوں میں سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا۔ اس دوران دو افراد نے اسپتال میں طبی امداد ملنے سے قبل ہی دم توڑ دیا۔

سول اسپتال کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ زخمیوں میں سے مزید دو افراد کی حالت تشویشاک ہے۔

کوئٹہ کے ڈپٹی انسپکٹرجنرل پولیس عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ بظاہر دھماکے کے اہداف غیر واضح ہیں کیونکہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں سے کوئی ایک بھی کسی سیکیورٹی ادارے کا اہل کار نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا بظاہر اس دھماکہ کا مقصد عام شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانا تھا۔

کسی گروپ یا تنظیم کی جانب سے تاحال دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کیا گیا۔

صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں اس سے پہلے بھی کئی خودکش حملے اور ہلاکت خیز دھماکے ہو چکے ہیں، جن کے نتیجے میں درجنوں سیکورٹی اہل کاروں سمیت سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG