رسائی کے لنکس

نام کی ہی نہیں سروں کی بھی ملکہ، پکھراج


ملکہٴ پکھراج کے مشہور گانے سے منسوب ”ابھی تومیں جوان ہوں۔۔۔“ سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے طاہرہ سید کا کہنا تھا کہ” جب میں نے گائیکی کی دنیا میں قدم رکھا تو ملکہ پکھراج کی خواہش تھی کہ میں پورے گلے سے کھل کر گاوٴں...

غزل گائیکی کے افق پر طویل عرصے تک بلا شرکت غیرے راج کرنے والی ملکہ پکھراج صرف نام کی ہی نہیں، سروں کی بھی ملکہ تھیں۔اس عظیم فنکارہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کراچی لڑیچر فیسٹیول میں ایک خصوصی سیشن کا اہتمام کیا گیا، جس میں ملکہ پکھراج کی صاحبزادی اور معروف گلوکارہ طاہرہ سید اور میوزک کمپوزر ارشد محمود نے شرکت کی۔

ملکہ پکھراج کے مشہور گانے سے منسوب ”ابھی تومیں جوان ہوں۔۔۔“ سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے طاہرہ سید کا کہنا تھا کہ”جب میں نے گائیکی کی دنیا میں قدم رکھا تو ملکہ پکھراج کی خواہش تھی کہ میں پورے گلے سے کھل کر گاوٴں، کیونکہ وہ خود اس طرز گائیکی کی بانی تصور کی جاتی تھیں۔ان کا انداز گائیکی بالکل جدا اور منفرد تھا۔ لیکن، گزرتے وقت کے ساتھ سب کچھ تبدیل ہوگیا۔ اب تو میوزک ڈائریکٹر مائیکرو فون کے حساب سے گلوکار یا گلوکارہ کی آواز کو تبدیل کرنے پر اصرار کرتے ہیں۔“

ملکہ پکھراج کی کامیابی میں ان کے شوہر شاہ جی کے تعاون اور حوصلہ افزائی کا بہت ہاتھ تھا۔ شادی کے بعد ملکہ پکھراج کی ترجیح ان کے گھر، بچے اور خاندان رہا۔

طاہرہ سید نے اپنی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ”ان کی والدہ ساری دنیاکو چھوڑ کر اپنا وقت ہم بچوں کو دیتی تھیں۔ شاہ جی کی وفات کے بعد وہ بہت اداس رہنے لگی تھیں۔ ایسے میں میوزک نے ان کوڈپریشن سے نکالا۔ میرا کیرئیر بنانے میں بھی ممی نے اہم کردار ادا کیا۔“

طاہرہ سید کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملکہ پکھراج نے نہ صرف گائیکی بلکہ گھرداری اور امور خانہ داری سے لے کر زندگی کے ہرشعبے میں جوبھی کام کیا مہارت اور خوبی سے کیا۔

میوزک کمپوزر ارشد محمود نے ملکہ پکھراج کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ” ملکہ پکھراج ایک ذہین خاتون تھیں۔ وہ اس بات کو بخوبی سمجھتی تھیں کہ میں ایک کمپوزر ہوں اور مجھے اپنا میوزک فروخت بھی کرنا ہے۔ کس شاعر کی کس غزل کو کس طرح کمپوز کرنا ہے، ملکہ پکھراج بہت اچھی طرح جانتی تھیں۔ درحقیقت ملکہ پکھراج اپنے کام کے حوالے سے پرفیکشنسٹ تھیں۔“

سوال جواب سیشن کے بعد طاہرہ سید نے ملکہ پکھراج کے دو مشہور گانے ’ابھی تو میں جوان ہوں‘ اور ’وہ باتیں تیری، وہ فسانے تیرے۔۔‘ گا کر حاضرین سے زبردست داد سمیٹی۔

XS
SM
MD
LG