رسائی کے لنکس

پی ٹی آئی کا مینارِ پاکستان میں پاور شو؛ سینکڑوں کارکنوں کی گرفتاری کا دعویٰ


پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) ہفتے کی شب لاہور کے مینارِ پاکستان میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ تاہم پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومت جلسہ گاہ جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر رہی ہے۔

پی ٹی آئی نے جلسے کے لیے رات 10 بجے کا وقت دے رکھا ہے اور اس حوالے سے مینارِ پاکستان گراؤنڈ میں تیاریاں جاری ہیں۔

سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ مینارِ پاکستان جلسے میں پچھلے سارے ریکارڈز ٹوٹ جائیں گے۔

ہفتے کو ایک ٹوئٹ میں عمران خان کا کہنا تھا کہ آج پی ٹی آئی مینارِ پاکستان میں اپنا چھٹا جلسہ کرے گی اور اُنہیں لگتا ہے کہ یہ پچھلے سارے ریکارڈ توڑ دے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ وہ اہلیانِ لاہور سے کہتے ہیں کہ وہ نمازِ تراویح کے بعد مینارِ پاکستان آئیں جہاں وہ بتائیں گے کہ پاکستان کو تباہی کی اس دلدل سے کیسے نکالنا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ جلسہ گاہ تک پہنچنے کے لیے رکاوٹیں ڈالی جائیں گی، لیکن وہ لوگوں سے کہتے ہیں کہ وہ اپنا بنیادی حق استعمال کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچیں۔

ہفتے کو لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پورے ملک کوکنٹینر لگا کر 'مقبوضہ کشمیر' بنایا ہوا ہے۔ لیکن آج یہ لوگ دیکھیں گے کہ کتنا بڑا جلسہ ہوتا ہے۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ انتظامیہ نے پی ٹی آئی کا جلسہ ناکام کرانے کے لیے 1600 کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی لاہور ہائی کورٹ کی اجازت سے مینارِ پاکستان میں جلسہ کر رہی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انتظامیہ جلسے کو سیکیورٹی دینے کے لیے لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے الزام لگایا کہ پنجاب کی نگران حکومت پی ڈی ایم حکومت کی ایکسٹینشن ہے۔ ٹرانسپورٹرز سے کہا جا رہا ہے کہ وہ گاڑیاں نہ دیں جب کہ پورے پنجاب میں کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے ۔

'مینارِ پاکستان جیسی جگہ کو جھوٹ کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے'

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مینارِ پاکستان جیسی جگہ کو جھوٹ کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

ایک ٹوئٹ میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ سے پاکستان میں فتنہ پھیلانے کو کھلی چھوٹ نہ ملتی تو عوام کی حالت بہتر ہوتی۔

نگران حکومت کی راستے بند کرنے کی تردید

ادھر نگران صوبائی وزیرِ اطلاعات عامر میر نے رکاوٹیں لگا کر لوگوں کو جلسے میں جانے سے روکنے کی تردید کی ہے۔

ہفتے کو جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پولیس نے لاہور میں جلسہ گاہ جانے والے راستے بند نہیں کیے۔ دہشت گردی سے متعلق تھریٹ الرٹس ہیں جس کی وجہ سے مخصوص مقامات پر سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر کچھ کنٹینرز رکھے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دے رکھی ہے۔ لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہریوں کے تحفظ کے لیے چیکنگ کی جا رہی ہے

XS
SM
MD
LG