رسائی کے لنکس

پی ایس ایل: گلیڈی ایٹرز اور یونائیٹڈ اگر مگر کے چکر میں پھنس گئے


ملتان سلطانز کے 11 پوائنٹس ہیں جب کہ اس کے 3 میچ ابھی باقی ہیں لہذا اس بات کے امکانات روشن ہیں کہ وہ دوسرے مرحلے میں آسانی سے پہنچ جائے گی۔ (فائل فوٹو)
ملتان سلطانز کے 11 پوائنٹس ہیں جب کہ اس کے 3 میچ ابھی باقی ہیں لہذا اس بات کے امکانات روشن ہیں کہ وہ دوسرے مرحلے میں آسانی سے پہنچ جائے گی۔ (فائل فوٹو)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو میں اعزاز کا دفاع کرنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے آزمائش سے دو چار ہے۔ اور اسی طرح کی صورتِ حال کا سامنا دو مرتبہ کی چیمپئن رہنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو بھی ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر موجود تمام ٹیموں کی کامیابی اور ناکامی کا جائزہ لیں تو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے ملتان سلطانز کو چھوڑ کر دیگر پانچ ٹیموں کو اگر مگر کی صورتِ حال کا سامنا ہے۔

ملتان سلطانز سات میچز کھیل کر 11 پوائںٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر ہے۔ اس کے پاس مزید تین میچز ہیں۔ سلطانز کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے امکانات روشن ہیں۔

گلیڈی ایٹرز اور یونائیٹڈ کے لیے مشکلات

ایونٹ کے سیمی فائنل مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے لیے 12 پوائںٹس درکار ہیں۔ تاہم پوائںٹس ٹیبل پر ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے دس پوائنٹس اور رن ریٹ اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔

دو مرتبہ کی چیمپئن رہنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کے پاس پوائںٹس ٹیبل پر 12 کا ہندسہ حاصل کرنے کا کوئی موقع نہیں ہے۔

اس وقت اسلام آباد سات پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چھ پوائںٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ ایونٹ میں اسلام آباد کو ایک اور کوئٹہ کو مزید دو میچز کھیلنا ہیں۔

اگر اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اپنا آخری میچ جیت بھی لے تو اس کے پوائنٹس کی تعداد نو ہو جائے گی اور اسے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے دیگر ٹیموں کی شکست کا انتظار کرنا ہو گا۔

پی ایس ایل سیزن فور کی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے اور سیمی فائنل کی آس لگانے کے لیے اپنے دونوں میچز جیتنا ہوں گے۔

پشاور زلمی

پوائںٹس ٹیبل پر پشاور زلمی نو پوائںٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر براجمان ہے۔ اس کے پاس ایک میچ باقی ہے جو 13 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز کے خلاف کھیلا جائے گا۔

پشاور زلمی اپنا آخری لیگ میچ جیت جاتی ہے تو اس کے 11 پوائنٹس ہو جائیں گے جس کے بعد وہ دوسرے مرحلے میں اپنی جگہ بنا سکے گی۔ لیکن اگر وہ ہار جاتی ہے تو اس کی پوزیشن واضح نہیں ہوگی کیوں کہ پھر جس ٹیم کا رن ریٹ زیادہ ہوگا وہ پشاور زلمی کی جگہ لے لے گی۔

لاہور قلندرز

پوائنٹس ٹیبل پر سب سے زیادہ حیران کن پوزیشن لاہور قلندرز کی نظر آتی ہے جو چار میچ پہلے تک سب سے آخری پوزیشن پر تھی۔ ابتدا میں قلندرز کی پوزیشن دیکھ کر لگ رہا تھا کہ شاید وہ دوسرے مرحلے سے پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہو جائے۔ تاہم ایک کے بعد ایک کامیابی نے اسے پوائںٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر پہنچا دیا ہے۔

ایونٹ میں لاہور قلندرز نے اب تک آٹھ میچز میں سے چار میں کامیابی اور چار میں ناکامی کا سامنا کیا ہے۔ یوں قلندرز آٹھ پوائنٹس کے ساتھ پوائںٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہیں۔

کراچی کنگز

کراچی کنگز سات پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے لیکن اس کے پاس ابھی تین میچز باقی ہیں۔

سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے کراچی کنگز کے امکانات اسلام آباد یونائیٹڈ کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔ اگر کراچی نے اپنے تین میں سے دو میچز میں بھی کامیابی حاصل کر لی تو اس کے سیمی فائنل کی سیٹ پکی ہو جائے گی۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کے گروپ میچز کے اختتام پر ​دوسرے مرحلے میں ایک کوالیفائر، دو ایلیمینیٹر اور آخر میں فائنل میچ کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG