اسلام آباد: پی ٹی آئی کا ہر حال میں جلسہ کرنے کا اعلان، وزیرِ داخلہ کا 'قانون کی عمل داری' کا عندیہ
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اسلام آباد میں جمعرات کو جلسہ کرنے جا رہی ہے جب کہ وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے ریڈ زون سیل کرتے ہوئے سرکاری و نجی اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما اعلان کر چکے ہیں کہ اسلام آباد میں ترنول کے مقام پر ہر حال میں جمعرات کو جلسہ ہو گا۔
پی ٹی آئی کے جلسے کے اعلان کے بعد وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت بدھ کو رات گئے امن و امان کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔
وزیرِ داخلہ کے مطابق کسی کو ریڈ زون میں آنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور امن عامہ برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پہلی ذمہ داری ہے۔ قانون کی عمل داری کو یقینی بنایا جائے گا اور امن و امان کی صورتِ حال خراب کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بے یقینی کی صورتِ حال کے تناظر میں دارالحکومت میں تمام اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈنکے کی چوٹ پر جلسہ کر کے دکھائیں گے، وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے ترنول چوک پر جمعرات کی شام چار بجے ہر صورت جلسہ ہو گا اور ڈنکے کی چوٹ پر یہ جلسہ کر کے دکھائیں گے۔
اپنے ایک پیغام میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ جمعرات کی سہہ پیر تین بجے صوابی انٹرچینج سے اسلام آباد کے لیے نکلنے والی ریلی کی قیادت کریں گے اور ان کی اپیل ہے کہ پورے ملک سے عوام ترنول چوک پہنچیں۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مطابق عمران خان ہمارا لیڈر ہے، وہ پہلے ہماری محبت تھا پھر وہ ہمارا عشق بنا اور اب وہ ہماری ضد بن چکا ہے۔جمعرات کا دن ثابت کرے گا کہ طاقت عوام کی ہے ۔
اسلام آباد کے اسکولوں میں تعطیل کا اعلان
اسلام آباد انتظامیہ نے دارالحکومت میں پی ٹی آئی کے جلسے اور کسی بھی ممکنہ صورتِ حال کے پیشِ نظر تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر آفس کے مطابق بچوں کی حفاظت کے پیشِ نظر اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے جب کہ جمعرات کو دارالحکومت میں ریڈ زون بھی مکمل طور پر سیل ہو گا۔
اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس نے جی ٹی روڈ پر کنٹینرز رکھ دیے
پاکستان تحریکِ انصاف کو ترنول میں جلسے سے روکنے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس نے جی ٹی روڈ پر کنٹینرز رکھ دیے ہیں جب کہ جلسہ گاہ کو بھی کھود دیا ہے۔
انتظامیہ نے اسلام آباد کے ریڈ زون کو کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کر بند کردیا ہے۔ ریڈ زون کے اطراف سیکیورٹی کی بھاری نفری تعینات ہے اور کسی بھی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے اہلکار الرٹ ہیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ قانون کی عمل داری کو یقینی بنایا جائے گا اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔