پنجاب میں دفعہ 144 کا نفاذ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج
پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے میں تین روز کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔
درخواست گزار ملک نجی اللہ نےاظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے پرامن احتجاج کو روکنے کے لیے صوبائی حکومت نے دفعہ 144 لگا دی ہے، حکومت کا یہ اقدام سیاسی بنیاد پر مبنی ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ دفعہ 144 کے نفاذ کے نوٹی فکیشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پٹیشن کے حتمی فیصلے تک دفعہ 144 کا نفاذ معطل کیا جائے۔
درخواست میں پنجاب حکومت، سیکریٹری داخلہ اور ڈپٹی کمشنرز کو فریق بنایا گیا ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس نے جی ٹی روڈ پر کنٹینرز رکھ دیے
پاکستان تحریکِ انصاف کو ترنول میں جلسے سے روکنے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس نے جی ٹی روڈ پر کنٹینرز رکھ دیے ہیں جب کہ جلسہ گاہ کو بھی کھود دیا ہے۔
انتظامیہ نے اسلام آباد کے ریڈ زون کو کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کر بند کردیا ہے۔ ریڈ زون کے اطراف سیکیورٹی کی بھاری نفری تعینات ہے اور کسی بھی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے اہلکار الرٹ ہیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ قانون کی عمل داری کو یقینی بنایا جائے گا اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
اسلام آباد کے اسکولوں میں تعطیل کا اعلان
اسلام آباد انتظامیہ نے دارالحکومت میں پی ٹی آئی کے جلسے اور کسی بھی ممکنہ صورتِ حال کے پیشِ نظر تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر آفس کے مطابق بچوں کی حفاظت کے پیشِ نظر اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے جب کہ جمعرات کو دارالحکومت میں ریڈ زون بھی مکمل طور پر سیل ہو گا۔
ڈنکے کی چوٹ پر جلسہ کر کے دکھائیں گے، وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے ترنول چوک پر جمعرات کی شام چار بجے ہر صورت جلسہ ہو گا اور ڈنکے کی چوٹ پر یہ جلسہ کر کے دکھائیں گے۔
اپنے ایک پیغام میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ جمعرات کی سہہ پیر تین بجے صوابی انٹرچینج سے اسلام آباد کے لیے نکلنے والی ریلی کی قیادت کریں گے اور ان کی اپیل ہے کہ پورے ملک سے عوام ترنول چوک پہنچیں۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مطابق عمران خان ہمارا لیڈر ہے، وہ پہلے ہماری محبت تھا پھر وہ ہمارا عشق بنا اور اب وہ ہماری ضد بن چکا ہے۔جمعرات کا دن ثابت کرے گا کہ طاقت عوام کی ہے ۔