کمشنر راولپنڈی کے الزامات، چیف جسٹس کے چیمبر میں مشاورتی اجلاس
کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے الزامات کے بعد سپریم کورٹ بھی متحرک ہو گئی ہے اور چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے چیمبر میں اہم مشاورتی اجلاس شروع ہو گیا ہے۔
اسلام آباد سے وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مشاورتی اجلاس میں جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس اطہر من اللہ شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے ججز کمشنر راولپنڈی کی جانب سے انتخابات میں دھاندلی کرانے کےدعوے کا جائزہ لے رہے ہیں اور ان کے الزامات کے معاملے پر از خود نوٹس لینے یا نہ لینے کا فیصلہ کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا گرفتار
لاہور پولیس نے تحریکِ انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجا کو حراست میں لے لیا ہے۔
سلمان اکرم راجا جیل روڈ لاہور پر پی ٹی آئی دفتر کے باہر احتجاج کی قیادت کر رہے تھے۔ تحریک انصاف نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف آج ملک گیر احتجاج کی کال دی ہوئی ہے۔
کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کو گرفتار نہیں کیا: راولپنڈی پولیس
راولپنڈی پولیس نے انتخابات میں دھاندلی کرانے کا اعتراف کرنے والے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کی گرفتاری کی تردید کی ہے۔
پولیس کے مطابق کمشنر راولپنڈی کو حراست میں لینے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
کمشنر راولپنڈی کا بیان سستی شہرت حاصل کرنے کا ہتھکنڈہ ہے: مسلم لیگ (ن)
پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ کمشنر راولپنڈی کا اپنی ریٹائرمنٹ سے چند دن پہلے اس طرح کی بھونڈی حرکت سستی شہرت حاصل کرنے کا ایک ہتھکنڈہ ہے۔
ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی نے الزام لگایا ہے کہ مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو 70 ، 70 ہزار کی لیڈ دینے کے لیے دباؤ ڈالا گیا جب کہ حقائق ان کے اس الزام سے یکسر مختلف ہیں۔
بیان کے مطابق الیکشن کمیشن کے حتمی نتائج میں پورے ڈویژن میں کوئی ایسا امیدوار نہیں جس نے اتنے بھاری مارجن سے مخالف کو شکست سے دوچار کیا ہو۔