کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی تردید
ترجمان الیکشن کمیشن نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے الزامات کی تردید کر دی ہے۔
کمیشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے کسی عہدے دار نے الیکشن نتائج کی تبدیلی کے لیے کمشنر راولپنڈی کو کبھی بھی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔
کمیشن کے مطابق کسی بھی ڈویژن کا کمشنر نہ تو ڈسٹرک ریٹرننگ افسر، ریٹرننگ افسر یا پریزائڈنگ افسر ہوتا ہے اور نہ ہی الیکشن کے کنڈکٹ میں اس کا کوئی براہِ راست کردار ہوتا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اس معاملے کی فوری طور پر انکوائری کروائی جائے گی۔
کمشنر راولپنڈی کی میڈیا سے گفتگو
کمشنر راولپنڈی کا ڈویژن میں انتخابی دھاندلی کرانے کا اعتراف
کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے ڈویژن بھر میں انتخابی دھاندلی کرانے کا اعتراف کرتے ہوئے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ انہوں نے راولپنڈی ڈویژن کے ہارے ہوئے 13 امیدواروں کو جتوایا اور امیدواروں کو 70، 70 اور 80، 80 ہزار جعلی ووٹ ڈلوا کر انہیں جتوایا۔
لیاقت علی چٹھہ کے مطابق "اپنے ماتحت ریٹرننگ افسران سے معذرت چاہتا ہوں، جب میں نے انہیں کہا آپ نے غلط کام کرنا ہے تو وہ بیچارے رُو رہے تھے۔"
کمشنر راولپنڈی نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے کس کے کہنے پر ہارے ہوئے امیدواروں کو جتوانے کے لیے جعلی ووٹ ڈالوائے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جو ظلم کیا ہے اس کی انہیں سزا ملنی چاہیے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی ڈویژن سے کامیاب ہونے والے بیشتر امیدواروں کا تعلق پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہے۔
کمشنر راولپنڈی نے دعویٰ کیا کہ چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس بھی انتخابی دھاندلی میں ملوث ہیں، انہیں بھی عہدوں سے مستعفی ہوجانا چاہیے۔
کمشنر راولپنڈی کا مزید کہنا تھا کہ وہ راولپنڈی ڈویژن میں انتخابی دھاندلی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے خود کو پولیس کے حوالے کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پریشر کی وجہ سے ایک بار خودکشی کرنے کی کوشش کی لیکن پھر سوچا کیوں نا سب کچھ عوام کے سامنے رکھوں۔ مجھے راولپنڈی کچہری چوک میں پھانسی پر لٹکا دیا جائے۔
پی ٹی آئی کا احتجاج؛ اسلام آباد پولیس کی شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹںے کے لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ہفتے کو اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہروں میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔
پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ایف نائن پارک کے اطراف میں ٹریفک کا رش ہوسکتا ہے۔ اس لیے شہری اس جانب غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ناکوں پر تلاشی سخت کردی گئی ہے۔شہری دورانِ سفر ضروری شناختی دستاویزات ساتھ رکھیں اور دورانِ چیکنگ اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں۔