رسائی کے لنکس

فائل فوٹو
فائل فوٹو

الزام لگانا آپ کا حق ہے، ثبوت بھی پیش کر دیں: چیف جسٹس کا کمشنر راولپنڈی کے الزامات پر ردِ عمل

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کمشنر راولپنڈی کے الزامات پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں۔ کل مجھ پر چوری کا الزام لگا دیں، قتل کا الزام لگا دیں۔ آپ کچھ بھی الزام لگا سکتے ہیں۔ الزام لگانا آپ کا حق ہے تو ساتھ میں ثبوت بھی پیش کر دیں۔ اچھا اور برے کا تعین بعد میں ہو گا۔

15:21 17.2.2024

کمشنر راولپنڈی کی میڈیا سے گفتگو

15:16 17.2.2024

کمشنر راولپنڈی کا ڈویژن میں انتخابی دھاندلی کرانے کا اعتراف

فائل فوٹو
فائل فوٹو

کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے ڈویژن بھر میں انتخابی دھاندلی کرانے کا اعتراف کرتے ہوئے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ انہوں نے راولپنڈی ڈویژن کے ہارے ہوئے 13 امیدواروں کو جتوایا اور امیدواروں کو 70، 70 اور 80، 80 ہزار جعلی ووٹ ڈلوا کر انہیں جتوایا۔

لیاقت علی چٹھہ کے مطابق "اپنے ماتحت ریٹرننگ افسران سے معذرت چاہتا ہوں، جب میں نے انہیں کہا آپ نے غلط کام کرنا ہے تو وہ بیچارے رُو رہے تھے۔"

کمشنر راولپنڈی نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے کس کے کہنے پر ہارے ہوئے امیدواروں کو جتوانے کے لیے جعلی ووٹ ڈالوائے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جو ظلم کیا ہے اس کی انہیں سزا ملنی چاہیے۔

واضح رہے کہ راولپنڈی ڈویژن سے کامیاب ہونے والے بیشتر امیدواروں کا تعلق پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہے۔

کمشنر راولپنڈی نے دعویٰ کیا کہ چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس بھی انتخابی دھاندلی میں ملوث ہیں، انہیں بھی عہدوں سے مستعفی ہوجانا چاہیے۔

کمشنر راولپنڈی کا مزید کہنا تھا کہ وہ راولپنڈی ڈویژن میں انتخابی دھاندلی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے خود کو پولیس کے حوالے کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پریشر کی وجہ سے ایک بار خودکشی کرنے کی کوشش کی لیکن پھر سوچا کیوں نا سب کچھ عوام کے سامنے رکھوں۔ مجھے راولپنڈی کچہری چوک میں پھانسی پر لٹکا دیا جائے۔

13:12 17.2.2024

پی ٹی آئی کا احتجاج؛ اسلام آباد پولیس کی شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت

فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹںے کے لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

پاکستان تحریکِ انصاف نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ہفتے کو اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہروں میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔

پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ایف نائن پارک کے اطراف میں ٹریفک کا رش ہوسکتا ہے۔ اس لیے شہری اس جانب غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ناکوں پر تلاشی سخت کردی گئی ہے۔شہری دورانِ سفر ضروری شناختی دستاویزات ساتھ رکھیں اور دورانِ چیکنگ اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں۔

12:43 17.2.2024

پی ٹی آئی کی پشاور میں احتجاج کی تیاریاں مکمل

پاکستان تحریکِ انصاف نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی احتجاج کے لیے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

پی ٹی آئی پشاور کے مطابق دوپہر دو بجے رنگ روڈ گلستان ہزار خوانی پارک کے مقام پر احتجاج کیا جائے گا جس کی قیادت نامزد وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور کریں گے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG