رسائی کے لنکس

سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کو مس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دے دیا

جمعرات کو سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مظاہر نقوی کو سنگین الزامات کا سامنا تھا، اگر وہ مستعفی نہ ہوتے تو اُنہیں برطرف کر دیا جاتا۔

12:17 7.3.2024

بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے تباہی، پانچ اموات اور 1250 گھروں کو نقصان

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بلوچستان نے صوبے میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں اب تک پانچ افراد ہلاک اور 1250 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 237 گھر مکمل طور پر تباہ جب کہ 1021 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ سب سے زیادہ گوادر میں 1220 گھر متاثر ہوئے ہیں جب کہ کیچ میں 25، خاران میں سات، کوئٹہ چار اور بارکھان میں ایک گھر متاثر ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گوادر، کیچ اور خاران میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا سروے اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے۔

21:01 7.3.2024

اسٹینڈ بائی معاہدے پر پاکستان کی نئی حکومت سے بات چیت کے لیے تیار ہیں: ترجمان آئی ایم ایف

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ڈائریکٹر کمیونی کیشن جولی کوزیک کا کہنا ہے کہ اسٹینڈ بائی معاہدے کے دوسرے جائزے کے لیے پاکستان کی نئی حکومت سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

جمعرات کو واشنگٹن ڈی سی میں پریس بریفنگ کے دوران وائس آف امریکہ کے اسد اللہ خالد کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں جولی کوزیک کا کہنا تھا کہ ہماری توجہ اس بات پر ہے کہ پاکستان رواں برس اپریل میں ختم ہونے والا اسٹینڈ بائی معاہدہ مکمل کر لے۔

پاکستان میں مبینہ عدم استحکام سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اُن کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی معاملات پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گی بلکہ آئی ایم ایف کی ساری توجہ اس پر ہے کہ پاکستان میں معاشی استحکام آئے جس سے عوام کو فائدہ ہو۔

جولی کوزیک کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت کے دوران پاکستانی حکام معاشی استحکام برقرار رکھنے کے لیے سخت پالیسیوں پر عمل پیرا رہے۔ اس دوران مہنگائی پر کنٹرول رکھنے کے لیے مانیٹری پالیسی کو مستحکم رکھا گیا اور زرِمبادلہ کے ذخائر بڑھانے پر کام کیا گیا۔

20:14 7.3.2024

سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کو مس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دے دیا

سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو مس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دیتے ہوئے برطرف کرنے کی سفارش کر دی۔

جمعرات کو سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مظاہر نقوی کو سنگین الزامات کا سامنا تھا، اگر وہ مستعفی نہ ہوتے تو اُنہیں برطرف کر دیا جاتا۔

جسٹس مظاہر نقوی نے اپنے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں کارروائی شروع ہونے کے بعد استعفی دے دیا تھا۔

18:44 7.3.2024

ہم گرینڈ الائنس بنانے جا رہے ہیں، تحریک چلائیں گے: اسد قیصر

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر کہتے ہیں کہ ہم گرینڈ الائنس بنانے جا رہے ہیں۔ ہمارے جو امیدوار فارم 45 کے تحت جیتے آئندہ پارلیمانی اجلاس میں انہیں بلائیں گے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہمیں عمران خان سے ملاقات نہیں کرنے دی گئی، اس کی مذمت کرتے ہیں۔

رہنما تحریکِ انصاف کا کہنا تھا کہ گرینڈ الائنس میں سندھ اور بلوچستان کی جماعتوں کے علاوہ جماعتِ اسلامی کو بھی شامل کریں گے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ملک کو 'بنانا ری پبلک' بنا دیا گیا ہے۔ ہم کسی کو اپنے حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔

اڈیالہ جیل پر حملہ ناکام بنانے کے سوال پر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو جو بہانہ بنایا گیا ہم سمجھتے ہیں کہ یہ محض ڈرامہ ہے۔

17:41 7.3.2024

عمران خان کو کسی دوسری جیل منتقل کرنے کا ماحول بنایا جا رہا ہے: زلفی بخاری

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما زلفی بخاری نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل پر ممکنہ 'دہشت گرد حملے' کے حالیہ انکشاف نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اپنے بیان میں زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو کسی دوسری جیل میں منتقل کرنے کا ماحول بنایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ راولپنڈی پولیس نے بدھ کی رات ایک بیان میں اڈیالہ جیل کو 'بڑی تباہی' سے بچانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ حملے کے شبہے میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ ہمیں اس وقت عمران خان کی فکر ہے جنہیں سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایسا کیسے ممکن ہے کہ ایک ہائی پروفائل شخص، ایسے شہر کی جیل میں ہو جس کی کڑی نگرانی کی جاتی ہے اور پھر بھی سیکیورٹی کی ایسی کوتاہی دیکھنے میں آئے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG