رسائی کے لنکس

پاکستان میں سینیٹ انتخابات: حکمراں اتحاد کے اُمیدوار کامیاب

پاکستان پیپلزپارٹی نے 11 جب کہ مسلم لیگ (ن) کے چھ اُمیدوار سینیٹ انتخابات میں کامیاب قرار پائے ہیں۔

11:22 2.4.2024

خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی

الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات تاحکمِ ثانی ملتوی کر دیے ہیں۔

کمیشن کے فیصلے کے بعد انتخابی عملہ پولنگ کا سامان اسمبلی سے لے کر واپس روانہ ہو گیا ہے۔

کمیشن کے مطابق اپوزیشن اراکین نے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی تھی جسے منظور کرتے ہوئے انتخابات ملتوی کر دیے ہیں۔

اپوزیشن رکنِ اسمبلی احمد کریم کنڈی نے صوبائی الیکشن کمشنر کو ایک درخواست دی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ اپوزیشن کے 25 ارکان سے اب تک حلف نہیں لیا گیا اس لیے سینیٹ الیکشن ملتوی کیا جائے۔

11:37 2.4.2024

سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے پر احتجاج کریں گے، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان نے غیر قانونی طور پر الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست دی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 25 ارکان کو غیر قانونی طور پر نشستیں دی ہیں اور ان نشستوں کے حصول کے لیے بھرپور مقابلہ کریں گے۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے ایک بات سکھائی ہے کہ ہم لڑیں گے۔

12:39 2.4.2024

عمران خان تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے میں بری

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کو تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے میں عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیا ہے۔

منگل کو جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس کی عدالت میں سماعت کے دوران مقدمے میں نامزد ملزمان کی جانب سے مصروف خان اور آمنہ علی بطور وکیل پیش ہوئے۔

سماعت کے بعد عدالت نے عمران خان، اسد عمر اور دیگر شریک ملزمان سمیت لیگی رکن اسمبلی راجہ خرم نواز کو بھی بری کردیا۔

12:46 2.4.2024

 پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف مقرر

قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف کے تقرر کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے ۔پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے رکنِ اسمبلی عمر ایوب اپوزیشن لیڈر مقرر کر دیے گئے ہیں۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے منگل کو عمر ایوب کو اپوزیشن لیڈر مقرر کیا۔

عمر ایوب کا نام اپوزیشن کی اکثریت کی طرف سے پیش کیا گیا تھا۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا وقت پیر کی شام 6 بجے تک تھا لیکن مقرر وقت تک کسی دوسرے امیدوار کے کاغذات موصول نہیں ہوئے۔

اپوزیشن لیڈر مقرر ہونے سے قبل اپوزیشن اراکین عمر ایوب اور ملک عامر ڈوگر نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات بھی کی تھی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG