رسائی کے لنکس

12:39 2.4.2024

عمران خان تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے میں بری

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کو تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے میں عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیا ہے۔

منگل کو جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس کی عدالت میں سماعت کے دوران مقدمے میں نامزد ملزمان کی جانب سے مصروف خان اور آمنہ علی بطور وکیل پیش ہوئے۔

سماعت کے بعد عدالت نے عمران خان، اسد عمر اور دیگر شریک ملزمان سمیت لیگی رکن اسمبلی راجہ خرم نواز کو بھی بری کردیا۔

19:09 2.4.2024

سینیٹ انتخابات میں حکمراں اتحاد کے اُمیدواروں کی اکثریت کامیاب

پاکستان کے سینیٹ انتخابات میں حکمراں اتحاد کے اُمیدوار 19 میں سے 17 نشستوں پر کامیاب ہو گئے ہیں۔

غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے 11 جب کہ مسلم لیگ (ن) کے چھ اُمیدوار سینیٹ الیکشن جیتنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ اسلام آباد سے ٹیکنو کریٹس کی نشست پر اسحاق ڈار جب کہ جنرل نشست پر رانا محمود الحسن سینیٹر منتخب ہو گئے۔ پنجاب سے ٹیکنو کریٹس کی نشستوں پر مصدق ملک اور محمد اورنگزیب کامیاب ہو گئے ہیں۔ پنجاب سے خواتین کی مخصوص نشستوں پر انوشے رحمان اور بشریٰ انجم بٹ میدان مارنے میں کامیاب رہیں۔

17:08 2.4.2024

سندھ میں پیپلزپارٹی کے 10 اُمیدوار کامیاب

سندھ میں سینیٹ انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کے 10 جب کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کا ایک اُمیدوار کامیاب ہو گئے ہیں۔ آزاد امیدوار فیصل واوڈا نے بھی میدان مار لیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے مسرور احسن، ندیم بھٹو، اشرف علی جتوئی اور کاظم علی بھی سینیٹر منتخب ہو گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے دوست علی جیسر، سرمد علی، ضمیر گھمرو، روبینہ قائم خانی اور قرت العین مری بھی کامیاب ہو گئے ہیں۔ غیر مسلموں کی نشست پر سندھ سے پیپلز پارٹی کے پونجو مل بھیل کامیاب ہو گئے ہیں۔ جنرل نشست پر ایم کیو ایم کے عامر ولی الدین چشتی بھی سینیٹر منتخب ہو گئے ہیں۔

16:41 2.4.2024

ہمیں خطوط ملے ہیں، کہا جا رہا ہے ان میں اینتھریکس ہے؛ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا ہے کہ ہائی کورٹ کے ججوں کو خطوط ملے ہیں جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ ان میں اینتھریکس ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیرِا عظم عمران خان اور سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس عامر فاروق نے بتایا کہ ان خطوط کے ذریعے بنیادی طور پر اسلام آباد ہائی کورٹ کو دھمکایا کیا گیا ہے۔

سائفر کیس کی سماعت بدھ تک ملتوی کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج کی سماعت میں تاخیر کی ایک وجہ یہ خطوط تھے۔

اطلاعات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے آٹھ ججوں کو مشکوک خطوط موصول ہوئے۔ ایک جج کے اسٹاف نے موصول ہونے والا خط کھولا تو اس کے اندر پاؤڈر تھا۔

بعد ازاں اسلام آباد پولیس کے فارنزک ماہرین کی ٹیم اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچی تاکہ وہ ان خطوط میں موجود پاؤڈر کا تجزیہ کر سکے۔

13:43 2.4.2024

عدالتی امور میں خفیہ اداروں کی مبینہ مداخلت؛ جوڈیشل انکوائری کے لیے درخواست دائر

فائل فوٹو
فائل فوٹو

سپریم کورٹ میں منگل کو دائر ایک درخواست میں عدالت سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز کی جانب سے لکھے گئے خط کی جوڈیشل انکوائری کرانے کی اپیل کی گئی ہے۔

ہائی کورٹ کے ججز نے عدالتی امور میں خفیہ اداروں کی مبینہ مداخلت کی شکایت پر مبنی ایک خط گزشتہ ہفتے سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھا تھا۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ روڈ اس معاملے پر از خود نوٹس لیا تھا جب کہ حکومت نے کمیشن تشکیل دیا تھا۔

لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے سپریم کورٹ حکومتی کمیشن کی تشکیل کو کالعدم قرار دے اور ججز کے خط پر خود انکوائری کرے۔

درخواست گزار نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ ججز کو دھمکانے اور عدالتی امور میں مداخلت کے ذمہ داروں کو مثالی سزا دی جائے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG