رسائی کے لنکس

بشری بی بی اور بانی پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ ترنول میں مقدمہ درج

مقدمے کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی نے سوشل میڈیا کے ذریعے پیغام بھیجا کہ آج ڈی چوک پہنچنا ہے۔

12:23

سپریم کورٹ آئینی بینچ: پی ٹی آئی احتجاج میں اموات پر از خود نوٹس کی استدعا مسترد

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران ہلاکتوں پر از خود نوٹس لینے کی استدعا مسترد کر دی ہے۔

سپریم کورٹ میں موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ گزشتہ روز دونوں اطراف سے ہلاکتیں ہوئیں۔ آئینی بینچ ازخود نوٹس لے سکتا ہے۔ لہٰذا آئینی بینچ ان واقعات پر ازخود نوٹس لے۔

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے اس پر ریمارکس دیے کہ جو معاملہ ہمارے سامنے سرے سے ہے ہی نہیں۔ اسے ہم نہیں دیکھ سکتے۔

بینچ میں شامل جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ یہ معاملہ ہمارے سامنے نہیں ہے۔ اس پر بات نہیں کرنا چاہتے۔

جسٹس مسرت ہلالی نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کی سرزنش کرتے ہوئے کہ سپریم کورٹ میں پیش ہوکر سیاسی باتیں نہ کریں۔

12:07

ایچ آر سی پی کا حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات کے آغاز کا مطالبہ

ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان (ایچ آر سی پی) نے پاکستان کے سیاسی حالات کے دوران حکومت اور تحریکِ انصاف کے درمیان مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایچ آر سی پی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن خاص طور پر تحریکِ انصاف اسمبلی میں فوری اور بامقصد مذاکرات شروع کریں۔

کمیشن نے کہا ہے کہ ملک کو جامد کرنے کے بجائے آگے بڑھنے کے راستے پر اتفاق کا وقت آ چکا ہے۔ ایچ آر سی پی نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں کو مذاکرات میں شریک کیا جائے۔

بیان کے مطابق سیاسی کارکنوں کے جذبات کو مجروح کرنے سے بھی گریز کیا جائے۔

اسلام آباد اور پنجاب کا خاص طور پر ذکر کرتے ہوئے کمیشن نے بیان میں کہا ہے کہ اس سارے عمل میں دوسروں کی نقل و حرکت اور روزگار کی آزادی پامال نہ کی جائے۔

11:48

اسلام آباد کی شاہراہوں کی صفائی جاری

پاکستان کے وفاقی دارالحکومت میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے بعد تحریکِ انصاف نے احتجاج منسوخ کر دیا ہے۔

احتجاج ختم ہونے کے بعد شاہراہیں خالی ہو گئی ہیں۔ اسلام آباد کی انتظامیہ ایک جانب شاہراہوں سے رکاوٹیں ہٹا رہی ہے جب کہ ساتھ ہی سڑکوں کی صفائی کا عمل بھی جاری ہے۔ کئی مقامات پر تباہ حال گاڑیاں اب بھی موجود ہیں جن کو مشینری سے ہٹایا جا رہا ہے۔

امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے کئی جگہ اب بھی پنجاب رینجرز کے اہلکار نظر آ رہے ہیں۔

11:10

مائیکل کوگلمین سے منسوب پوسٹیں کیا اصلی تھیں یا نقلی؟

بلوچستان کے سابق نگراں وزیرِ اطلاعات جان اچکزئی کی طرف سے تحریکِ انصاف کے احتجاج کے دوران سوشل میڈیا پر کچھ پوسٹوں میں امریکی تھنک ٹینک سے وابستہ تجزیہ کار مائیکل کوگلمین سے منسوب پوسٹوں کو شیر کیا گیا۔ لیکن کیا یہ پوسٹیں اصلی تھیں یا نقلی؟

مائیکل کوگلمین نے کیا کہا اور حقیقت کو کیسے پرکھا جا سکتا ہے؟ جانیے

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG