عمران خان کی جلد رہائی کے لیے پراُمید ہیں: بیرسٹر گوہر خان
تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ حکومت معصوم شہریوں پر فائرنگ کا سلسلہ روکے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ پی ٹی آئی کے ورکرز سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پرامن انداز میں اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم پراُمید ہیں کہ عمران خان بہت جلد جیل سے باہر ہوں گے۔
عمران خان کے اگلے احکامات تک ڈی چوک سے آگے نہیں جائیں گے: علی امین گنڈا پور
وزیرِ اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ عمران خان کے اگلے احکامات تک ڈی چوک سے آگے نہیں جائیں گے۔
کمپلیکس چوک پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ڈی چوک سے آگے جانے کا نہیں کہا، عمران خان نے ہمیشہ پُرامن رہنے کا درس دیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ڈی چوک سے آگے کا علاقہ جہاں عمران خان نے جانا کا نہیں کہا ہم نے اس کی حفاظت کرنی ہے۔
علی امین گنڈا پور نے الزام لگایا کہ ہمارے پُرامن احتجاج میں ایسےغلط لوگ شامل کرائے جائیں گے جو پُرامن ماحَول کو خرابِ کرنے کی کوشش کرے گے ۔ ہم پرامن دھرنا دیں گے۔
تحریکِ انصاف کے اندر موجود ایک 'خفیہ ہاتھ' معاملات کو بگاڑ رہا ہے: محسن نقوی
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ کوشش تھی کہ اسلام آباد میں کوئی تماشا نہ لگے، لیکن تحریکِ انصاف کے اندر موجود ایک 'خفیہ ہاتھ' معاملات کو بگاڑ رہا ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو احتجاج کے لیے جگہ دینے کی پیش کش کی تھی، لیکن پی ٹی آئی کی لیڈرشپ سے اُوپر بھی ایک 'خفیہ ہاتھ' ہے جس کا ایجنڈا پاکستان نہیں ہے۔
رینجرز اہلکاروں کی ہلاکت میں پی ٹی آئی ملوث نہیں ہے: شیخ وقاص اکرم
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ رینجرز کو پیش آنے والے حادثے سے تحریکِ انصاف کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
ایک بیان میں شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ رینجرز اہلکاروں کے لیے احترام ہے۔ اُن پر حملے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔