تحریکِ انصاف کے کارکنان ڈی چوک کے قریب
پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنان بلیو ایریا سے آگے بڑھ کر ڈی چوک کے قریب پہنچنے والے ہیں۔ اس دوران رینجرز اور مظاہرین نے ایک دوسرے پر آنسو گیس کے شیل پھینکے ہیں۔
تحریکِ انصاف کا قافلہ ڈی چوک پہنچ گیا
تحریک انصاف کا قافلہ ڈی چوک پہنچ گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق رینجرز اور پولیس کے اہلکار ڈی چوک پر لگائے گئے کنٹینروں کے عقب میں چلے گئے ہیں۔ ڈی چوک پر مظاہرین کنٹینروں کے سامنے جمع ہو رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق مظاہرین کی طرف سے میڈیا کے نمائندوں اور گاڑیوں پر بھی پتھراؤ کی کوشش کی گئی۔
ڈی چوک سے آگے نہیں جائیں گے: وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا
خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ جب تک عمران خان کی ہدایت نہیں ہو گی ڈی چوک سے آگے نہیں جائیں گے۔
علی امین گنڈا پور نے پی ٹی آئی کے قافلے سے خطاب میں کہا کہ عمران خان نے ڈی چوک سے آگے کے علاقے میں جانے کا نہیں کہا۔ اس لیے ان کی ہدایت پر عمل کیا جائے گا۔
احتجاج میں شامل افراد کرائے پر لائے ہوئے لوگ ہیں: وزیرِ اطلاعات
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا للہ تارڑ کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف کے احتجاج میں شامل افراد کرائے پر لائے ہوئے لوگ ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ جب بھی کسی دوست ملک کا دورہ ہوتا ہے۔ اسی وقت احتجاج کیوں ہوتا ہے جب کہ ڈی چوک پر ہی کیوں احتجاج کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی کہ پاکستان کے آئے ہوئے بیلاروس کے صدر کے دورے کو خراب کیا جائے۔