پاکستان میں عمران خان کے حامیوں کو پر امن احتجاج کا حق حاصل ہے: امریکی رکنِ کانگریس
امریکہ کی کانگریس کے ڈیموکریٹک رکن بریڈ شرمن نے کہا ہے کہ پاکستان سے مختلف اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے حامیوں کو پر امن احتجاج کا حق حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان میں سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے لکھے گئے خط کی بھی اسی لیے حمایت کی تھی۔
امریکی قانون ساز نے پاکستان کے ضلع کرم میں فرقہ وارانہ فسادات میں شہریوں کی اموات کی بھی مذمت کی۔
تحریکِ انصاف کے کارکن اسلام آباد کے بلیو ایریا میں موجود
سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قیادت میں تحریکِ انصاف کے کارکن اسلام آباد کے بلیو ایریا میں داخل ہو گئے ہیں۔
اس دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
اسلام آباد کی تازہ ترین صورتِ حال کے بارے میں مزید بتا رہے ہیں ہمارے نمائندے عاصم علی رانا۔
مظاہرین پر سیکیورٹی اہلکاروں کی شیلنگ
اسلام آباد میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ڈی چوک کی طرف جانے والے مظاہرین پر شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
پولیس مظاہرین کو روکنے کے لیے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کر رہی ہے۔
تحریکِ انصاف کا قافلہ بلیو ایریا میں داخل
تحریکِ انصاف کے اسلام آباد پہنچنے والے قافلے میں شامل شرکا رکاوٹوں کو ہٹاتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کے بلیو ایریا پہنچ گئے ہیں۔
سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کی جانب سے مسلسل شیلنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
بعض تصاویر ایسی بھی آئی ہیں جن میں سیکیورٹی اہلکار ہاتھوں میں غلیل تھامے مظاہرین پر پتھراؤ کر رہے ہیں جب کہ مظاہرین میں شامل بعض افراد غلیلوں سے اہلکاروں کو پتھر مار رہے ہیں۔