احتجاج کی آڑ میں پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں پر حملے قابلِ مذمت ہیں: وزیرِ اعظم
پاکستان کے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سرینگر ہائی وے سیکیورٹی اہلکاروں کی موت کا الزام احتجاج کرنے والے مظاہرین پر عائد کر دیا ہے۔
وزیرِ اعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان میں شہباز شریف نے واقعے میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نام نہاد پر امن احتجاج کی آڑ میں پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں پر حملے قابلِ مذمت ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کے بقول ’’یہ انقلاب نہیں، خون ریزی چاہتے ہیں۔‘‘
کیا دوسروں کو مارنا اور زخمی کرناپُرامن احتجاج ہوتا ہے: مریم نواز
چار سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی کی ٹکر سے موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ بھی کسی کے بیٹے اور بھائی تھے۔
اہلکاروں کی موت پر انہوں نے کہا کہ یہ ظلم کیا گیا ۔کیا دوسروں کو مارنا اور زخمی کرناپُرامن احتجاج ہوتا ہے ۔
تحریکِ انصاف کے احتجاج پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ فسادی اور شرپسند سیاسی تاریخ کا خونی باب لکھ رہے ہیں ۔
بشریٰ بی بی کی قیادت میں کارکنان ریڈ زون کی طرف بڑھ رہے ہیں
سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قیادت میں تحریکِ انصاف کے کارکنان اسلام آباد کی چونگی نمبر 26 سے ریڈ زون کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق پی ٹی آئی کا مرکزی قافلہ اسلام آباد کے سیکٹر جی 11 پہنچ چکا ہے جب کہ اس کی قیادت بشری بی بی کر رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیرِ اعظم عمران خان تحریکِ انصاف کے احتجاج کے لیے متبادل مقام کے پر دھرنے کی حمایت کر رہے ہیں۔ لیکن مقامی میڈیا کی ان رپورٹس کی پی ٹی آئی کی جانب سے تصدیق نہیں ہوئی۔
رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ چند سازشی عناصر ڈی چوک کے بجائے دوسرے مقام پر احتجاج کرنا چاہتے ہیں۔
ان کے بقول ’’عمران خان نے مجھے ہر صورت ڈی چوک جانے کا کہا ہے۔ ڈی چوک سے کم کسی بھی مذاکراتی فیصلے پر کارکنان راضی نہیں ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا سے پی ٹی آئی کے قافلے جب روانہ ہوئے تھے تو اس کی قیادت خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور کر رہے تھے۔ البتہ اسلام آباد پہینچے پر تاحال وہ سامنے نہیں آئے۔
سرینگر ہائی وے پر 'شرپسندوں' نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی، چار ہلاک
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گاڑی کے نیچے آ کر چار رینجرز اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق اسلام آباد کی سرینگر ہائی وے پر شرپسندوں نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں چار اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والوں میں پانچ رینجرز اور پولیس کے اہلکار شامل ہیں۔
یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس واقعے میں ملوث گاڑی اور اس میں سوار افراد کا تعاقب کیا گیا یا وہ فرار ہو گئے۔