اسلام آباد میں احتجاج؛ سری لنکا کی اے ٹیم کے میچز ملتوی
اسلام آباد میں جاری احتجاج کے باعث کرکٹ سیریز کے لیے پاکستان آئی ہوئی سری لنکا کی اے ٹیم کے دو میچز ملتوی ہوگئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے بیان کے مطابق پی سی بی نے سری لنکا کرکٹ کے ساتھ مشاورت کے بعد وفاقی دار الحکومت میں درپیش ’سیاسی سرگرمی‘ کی وجہ سے دو ون ڈے میچز ملتوی کیے ہیں۔
سیریز کے دو میچز بدھ اور جمعے کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانا تھے۔
بیان کے مطابق دونوں بورڈز سیریز مکمل کرنے کے لیے میچوں کی تاریخ کا فیصلہ بعد میں کریں گے۔
جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے: عمران خان
سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے مظاہرے میں شامل تمام پاکستانی پُرامن، متحدہ رہیں اور ڈٹے رہیں۔
عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری کیے گئے بیان میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپنی ٹیم کو بھی پیغام ہے کہ آخری بال تک لڑیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ "ملٹری ٹرائل کی دھمکیاں دینے والوں جو کرنا ہے کرلو اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔"
سابق وزیرِ اعظم کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ محسن نقوی کی ہدایات پر رینجرز اور پولیس نے ہمارے ورکرز پر فائرنگ اور شیلنگ کی۔ پُرامن شہریوں کو ہلاک و زخمی کیا۔ انہیں اس سب کا حساب دینا ہوگا۔
راولپنڈی میں تعلیمی ادارے بدھ 27 نومبر کو بھی بند رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد میں پاکستان تحریکِ انصاف کے احتجاج کے پیشِ نظر انتظامیہ نے راولپنڈی میں تعلیمی ادارے بدھ کو بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فیصلہ امن و امان کی صورتِ حال کے پیشِ نظر ڈسٹرکٹ انٹیلی جینس کمیٹی کی سفارشات پر کیا گیا۔ پیر کو بھی راولپنڈی، اسلام آباد کے تعلیمی ادارے بند رہے تھے۔
رینجرز اہلکاروں کی ہلاکت میں پی ٹی آئی ملوث نہیں ہے: شیخ وقاص اکرم
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ رینجرز کو پیش آنے والے حادثے سے تحریکِ انصاف کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
ایک بیان میں شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ رینجرز اہلکاروں کے لیے احترام ہے۔ اُن پر حملے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔