عمران خان سے ملاقات کے لیے رہنماؤں کی اڈیالہ جیل آمد
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق اڈیالہ جیل پہنچنے والے رہنماؤں میں پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور بیرسٹر سیف شامل ہیں۔
واضح رہے کہ یہ ملاقات ایسے موقع پر ہو رہی ہے جب پی ٹی آئی کا احتجاج جاری ہے اور قافلے اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہیں۔
ٹیکسلا میں عمران خان، بشریٰ بی بی، علی امین سمیت دیگر کے خلاف ایف آئی آر
پنجاب کے تھانہ ٹیکسلا میں جیل میں قید سابق وزیرِ اعظم عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، بہن علیمہ خان اور وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت تحریکِ انصاف کے دیگر رہنماؤں کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق تھانہ ٹیکسلا میں درج مقدمے میں دہشت گردی سمیت 13 دفعات شامل کی گئی ہیں۔ اس ایف آئی آر میں سابق صدر عارف علوی، حماد اظہر، اسد قیصر اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق عمران خان نے علیمہ خان کے ذریعے عوام کو 24 نومبر کے احتجاج کا پیغام دیا تھا۔ بشریٰ بی بی نے 19 نومبر کے ویڈیو پیغام میں کارکنوں کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔ ملزمان نے پُر تشدد احتجاج کرکے شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا اور جلاؤ گھیراؤ کیا۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملزمان نے ریاستی اداروں کے خلاف نعرے لگائے ہیں جب کہ عوام میں خوف و ہراس پھیلایا ہے۔
تحریکِ انصاف کا قافلہ فتح جنگ پہنچ گیا
پاکستان تحریکِ انصاف کا ایک قافلہ ڈی چوک پر احتجاج کے آگے بڑھتے ہوئے فتح جنگ پہنچ گیا ہے۔
پی ٹی آئی کا قافلہ فتح جنگ انٹرچینج پہنچا تو وہاں موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے اس پر آنسو گیس کی شدید شیلنگ شروع کر دی۔
آخری اطلاعات تک شیلنگ کا سلسلہ جاری تھا۔
راستوں اور شاہراہوں کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا
اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں راستوں کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ایک مقام سے دوسری جگہ جانے والوں کو طویل پیدل سفر کرنا پڑ رہا۔ اس دوران اگر کسی کے گھر شادی ہو یا کسی مریض کو اسپتال پہنچانا ہو تو ان کے لواحقین کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مسلسل تیسرے روز موٹر وے بند ہیں جس سے مختلف سامان پہنچانا بھی ٹرانسپورٹرز کے لیے ایک مشکل کام ہو گیا ہے۔