رسائی کے لنکس

12:26 2.3.2024

سرفراز بگٹی 41 ووٹ لے کر وزیرِ اعلٰی بلوچستان منتخب

پیپلزپارٹی کے سرفراز بگٹی 41 ووٹ لے کر وزیرِ اعلٰی بلوچستان منتخب ہو گئے ہیں۔ سرفراز بگٹی کے مقابلے میں کسی بھی اُمیدوار نے کاغذاتِ نامزدگی جمع نہیں کرائے تھے۔

سرفراز بگٹی نے بلوچستان اسمبلی کی نشست سے کامیابی حاصل کی تھی۔

12:49 2.3.2024

صدارتی انتخابات کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع

نو مارچ کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے محمود خان اور آصف زرداری کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے گئے ہیں۔

آصف زرداری کے کاغذاتِ نامزدگی سندھ ہائی کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائے گئے۔ دوسری جانب پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے محمود خان اچکزئی سنی اتحاد کونسل (پی ٹی آئی) کے اُمیدوار ہوں گے۔

محمود خان اچکزئی کے کاغذاتِ نامزدگی اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائے گئے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ نو مارچ کو صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک ہو گی۔

14:38 2.3.2024

وزیرِ اعظم کا انتخاب: شہباز شریف اور عمر ایوب کے کاغذاتِ نامزدگی جمع

وزیرِ اعظم پاکستان کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور عمر ایوب خان کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے گئے ہیں۔

محمد شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں میں ممبر قومی اسمبلی خواجہ آصف، سید خورشید شاہ، احسن اقبال، سردار محمد یوسف، عطا تارڑ، عون چوہدری، طارق بشیر چیمہ اور حنیف عباسی شامل تھے۔

عمر ایوب کے کا غذات نامزدگی جمع کرانے والوں میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ملک محمد عامر ڈوگر، علی محمد، بیرسٹر گوہر خان شامل تھے۔

وزارت عظمیٰ کے کاغذات نامزدگی سیکریٹری جنرل قومی اسمبلی طاہر حسین نے وصول کیے۔

اس موقع پر اسپیشل سیکریٹری قانون سازی قومی اسمبلی محمد مشتاق اور اسپیشل سیکریٹری سید شمعون ہاشمی بھی موجود تھے۔

18:11 2.3.2024

لاہور میں پی ٹی آئی کا احتجاج؛ متعدد کارکن گرفتار

لاہور پولیس نے دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود ریلی نکالنے پر پی ٹی آئی کے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی کے کارکن لاہور کی مال روڈ پر احتجاج کے لیے پہنچے تو اس سے قبل ہی پولیس کی بھاری نفری وہاں تعینات تھے۔

پولیس نے لاہور کے حلقے این اے 117 سے پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر علی اعجاز بٹر کو حراست میں لے لیا۔ این اے 119 سے ٹکٹ ہولڈر شہزاد فاروق، پی پی 149 سے ٹکٹ ہولڈر حافظ ذیشان رشید کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG