الیکشن کمیشن کے مخصوص نشستوں پر فیصلے کو عدالت میں چیلنج کریں گے: سینیٹر ولید اقبال
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر ولید اقبال نے کہا ہےکہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔
پاکستان کے نجی نشریاتی ادارے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں سینیٹر ولید اقبال کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کا اصل نشانے پر اس وقت دو اہداف ہیں جن میں صدارتی انتخاب اور سینیٹرز کا چناؤ شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے آدھے ارکان آئندہ ماہ ریٹائرڈ ہو جائیں گے جس کے بعد سینیٹ کے ارکان کے انتخاب کے لیے صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کے ارکان کے ووٹ ڈالتے ہیں۔ اس میں صوبوں کے ووٹ کی تعداد اور شرح مختلف ہے۔ اس کے بعد سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب ہوتا ہے۔ اصل خطرہ اسی سے تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے عہدے پہلے ہی بانٹ لیے تھے۔ اگر یہ فیصلہ نہ ہوتا تو ان کے انتخاب پر اثر انداز ہوا جا سکتا ہے۔
مریم نواز کا وزیرِ اعلیٰ بننا پاکستانی سیاست کا سنگِ میل ہے: امریکہ
امریکہ کے محکمۂ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ مریم نواز کا بطور وزیرِ اعلیٰ انتخاب پاکستان کی سیاست میں ایک سنگِ میل ہے۔
میتھیو ملر نے مزید کہا کہ امریکہ خواتین کو پاکستان کے سیاسی عمل اور معیشت کی بہتری میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرنے کے سلسلے میں مزید تعاون کا منتظر ہے۔
ان کے بقول دونوں ممالک میں یو ایس پاکستان ویمن کونسل، سول سوسائٹی اور فیصلہ سازی کے دیگر اداروں کے ذریعے تعاون بھی اس میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں خواتین کی ترقی میں رکاوٹیں دور ہوتے دیکھنا باعثِ مسرت ہے۔