رسائی کے لنکس

فائل فوٹو
فائل فوٹو

توشہ خانہ ریفرنس: عمران خان کی نااہلی کا تفصیلی فیصلہ جاری

13:52 22.10.2022

جو جج دباؤ برداشت نہیں کر سکتا، وہ حلف پر عمل پیرا نہیں: جسٹس قاضی فائز عیسیٰ

سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ جو جج دباؤ برداشت نہیں کر سکتا، اسے اپنے عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

ہفتے کو لاہور میں عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ جج پر تنقید کرنا ہر کسی کا حق ہے اور اچھے اور برے جج کا نام لے کر تنقید کرنی چاہیے۔ لیکن بطور ادارہ جوڈیشری کو ہدفِ تنقید بنانا مناسب نہیں ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو جمہوریت کی ضرورت ہے۔ اسے عدلیہ اور ایگزیکٹو کی ضرورت ہے اور بطور ایگزیکٹو کا حصہ فوج بھی پاکستان کے لیے ناگزیر ہے۔

جسٹس عیسیٰ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سے جمہوریت کو نکالنا اس کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہے۔ یہ وطن دُشمنی ہے۔

اُن کے بقول پاکستان کو منتخب کردہ قیادت کے ذریعے حکمرانی کی ضرورت ہے۔

جسٹس فائز عیسیٰ بولے کے وہ پانچ برس تک ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رہے اور اس دوران انہیں کسی نے فیصلوں کے لیے دباؤ نہیں ڈالا۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ دیکھ کر اُن کی آنکھوں میں آنسو آ گئے جب سابق وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو کو سزائے موت دینے والے جج نے ٹی وی پر آ کر کہا کہ اُن پر دباؤ تھا۔

جسٹس فائز عیسٰی نے کہا کہ کیا آپ صرف دباؤ پڑنے سے کسی کی جان لے سکتے ہیں؟ آپ پر دباؤ تھا تو عزت کے ساتھ مستعفی ہو کر گھر چلے جاتے۔

17:14 22.10.2022

کسی سرٹیفائیڈ 'چور' کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے: شہباز شریف

وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان سرٹیفائیڈ جھوٹے ثابت ہو چکے ہیں۔ لہذٰا انہیں اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تقرری ایک آئینی معاملہ ہے۔ وقت آنے پر نئے آرمی چیف کے لیے نام آئیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے اسی چیف الیکشن کمشنر کو ایماندار کہتے تھے بعد میں انہی میں اُنہیں خامیاں نظر آنے لگیں۔

عمران خان کے لانگ مارچ کے سوال پر ردِعمل دیتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ اب عمران خان 'چور' ثابت ہو چکے ہیں، لہذٰا عوام اُن کے ساتھ باہر نہیں نکلیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی وطن واپسی پر اُنہیں ایئرپورٹ لینے جاؤں گا۔

18:03 22.10.2022

جمعے کو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کر دوں گا: عمران خان

تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بیک ڈور رابطوں کی تصدیق کردی ہے۔ تاہم اُن کا کہنا ہے کہ ان رابطوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا، کیوں کہ اُن کا مطالبہ صرف فوری الیکشن ہے۔

اسلام آباد میں اعظم سواتی کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اُن کے لیے مذاکرات کی اس لیے اہمیت نہیں ہے، کیوں کہ اُنہیں پورا یقین ہے کہ حکومت الیکشن نہیں کرائے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اُن کا لانگ مارچ پرامن ہو گا، اُن کی 26 سال کی جدوجہد عدم تشدد پر مبنی رہی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے چن کر اُن حلقوں کا انتخاب کیا جو وہ سمجھ رہے تھے کہ تحریکِ انصاف کے لیے کمزور ہیں، لیکن انہیں وہاں بھی شکست ہوئی۔ لہذٰا حکومت کسی صورت فوری الیکشن کا مطالبہ نہیں مانے گی، اسی لیے وہ لانگ مارچ کریں گے۔

10:31 24.10.2022

صحافی ارشد شریف کا کینیا میں مبینہ قتل، اسلام آباد ہائی کورٹ کا لاش وطن لانے کے لیے اقدامات کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے صحافی ارشد شریف کی میت کینیا سے وطن واپس لانے کے لیے اقدامات کا حکم دے دیا ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے پیر کو صحافی ارشد شریف کے کینیا میں مبینہ قتل کے معاملے کی تحقیقات کے لیے بیرسٹر شعیب رزاق کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ سیکیورٹی ایجنسیوں کو کینیا کی ایجنسیز سے رابطہ کر کے تحقیقات کا حکم دیا جائے اور اس معاملے پر کمیشن بنا کر تحقیقات کرائی جائیں کہ ارشد شریف کن حالات میں وطن چھوڑ کر باہر گئے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ ارشد شریف کی میت کہاں ہے؟ بیرسٹر شعیب رزاق نے عدالت کو بتایا کہ میت کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں ہے جسے پاکستان لانے کے لیے اقدامات کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے وزارتِ داخلہ اور وزارتِ خارجہ کے نامزد افسر کو ارشد شریف کی فیملی سے فوری ملاقات کی ہدایت کی اور سیکریٹری داخلہ و خارجہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے منگل تک رپورٹ طلب کر لی۔

واضح رہے کہ ارشد شریف کی اہلیہ نے پیر کی صبح ایک ٹویٹ میں بتایا تھا کہ ان کے شوہر کو کینیا میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ہے جس کے بعد صدر، وزیرِ اعظم اور صحافیوں سے مختلف شخصیات نے ارشد شریف کی موت پر اظہارِ تعزیت کیا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG