فیض آباد میں احتجاج: پی ٹی آئی رہنماؤں کے خؒلاف مقدمہ درج
اسلام آباد پولیس نے فیض آباد میں تحریکِ انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کی جانب سے سینیٹر فیصل جاوید، عامر کیانی اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ جمعے کو عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس میں فیصلہ آنے کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کیا تھا۔
اس دوران اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے جنکشن فیض آباد میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان تصادم بھی ہوا تھا جس پر پولیس نے شیلنگ کی تھی۔
آرمی چیف کا ازخود ایکسٹینشن نہ لینے کا فیصلہ خوش آئند ہے: شیخ رشید احمد
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے ازخود ایکسٹینشن نہ لینے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔
اپنی ایک ٹویٹ میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کو نااہل کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ کی ایک پیشی کی مار ہے۔
الیکشن کمیشن تفصیلی تحریری کیوں جاری نہیں کر رہا، کیا کچھڑی پک رہی ہے؟ اسد عمر
تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے عمران خان کی نااہلی پر الیکشن کمیشن کا تحریری فیصلہ نہ آنے پر سوال اُٹھا دیا۔
ایک ٹویٹ میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن تحریری فیصلہ کیوں روک کر بیٹھا ہے؟ اب کیا کچھڑٰ ی پک رہی ہے؟
توشہ خانہ ریفرنس: عمران خان نے اپنے خلاف فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا
پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ ریفرنس میں اپنے خلاف آنے والے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
عمران خان کی جانب سے اُن کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔
عمران خان نے درخواست میں آج ہی اس معاملے پر سماعت کی استدعا کی ہے۔
جمعے کو الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کو آرٹیکل 'تریسٹھ ون پی' کے تحت نااہل قرار دے دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان کی قومی اسمبلی کی رُکنیت بھی ختم کر دی تھی۔