آڈیو لیکس کی تحقیقات، عمران خان نے سپریم کورٹ سے رُجوع کر لیا
چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان نے آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ سے رُجوع کر لیا ہے۔
عمران خان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ جوڈیشل کمیشن یا مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنائے۔
عمران خان نے اپنی درخواست میں یہ استدعا بھی کی ہے کہ آئندہ جاری ہونے والی آڈیو، ویڈیوز لیکس کو روکا جائے۔
خیال رہے کہ حالیہ عرصے میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور موجودہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی مبینہ آڈیوز منظرِ عام پر آتی رہی ہیں۔ یہ آڈیوز مبینہ طور پر وزیرِ اعظم ہاؤس میں ریکارڈ کی گئی تھیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری کے خلاف نیب کی اپیلیں خارج کر دیں
اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کی درخواست پر 25 برس پرانے ریفرنسز میں سابق صدر آصف علی زردری کی بریت کے خلاف نیب کی اپیلیں خارج کر دی ہیں۔ نیب نے آصف زرداری کے خلاف دائر ریفرنسز میں اُن کی بریت کے خلاف اپیلیں واپس لینے کے لیے بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے رُجوع کیا تھا۔
نیب نے آصف زرداری کی بریت کے خلاف چار ریفرنسز میں اپیلیں واپس لینے کی استدعا کی تھی جن میں اے آروائی گولڈ، پولو گراؤنڈ، ارسس ٹریکٹر، ایس جی ایس کوٹیکنا ریفرنسز شامل ہیں۔
نیب نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ آصف زرداری کے خلاف ریفرنس میں صرف کاغذات کی فوٹو کاپیز ہی ریکارڈ کا حصہ ہیں، جو قانون کے مطابق نہیں ہیں۔ لہذٰا اس معاملے کو آگے بڑھانے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔
چند روز میں اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کرنے والا ہوں: عمران خان
پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وہ بہت جلد اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کرنے والے ہیں۔
جمعرات کو سرگودھا یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں کون سی قیامت آ گئی تھی کہ چھ ماہ میں ملک کے یہ حالات ہو گئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ساری قوم ایک طرف کھڑی ہو گئی جب بھی الیکشن ہوتے ہیں، یہ لوگ اپنے امپائرز کے باوجود ہار جاتے ہیں۔
چیئرمین تحریکِ انصاف کا کہنا تھا کہ اللہ نے کسی کو نیوٹرل ہونے کی اجازت نہیں دی۔عمران خان نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں وہ شخص ہوں جسے ہار بھی نہیں ہرا سکتی۔
اعتزاز احسن نے پیپلزپارٹی چھوڑنے کی خبروں کی تردید کر دی
پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے تحریکِ انصاف میں شمولیت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اُن کا خاندان ہے اور وہ کبھی یہ پارٹی نہیں چھوڑیں گے۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے وکلا تحریک کے دوران پیپلزپارٹی چھوڑنے کے عوض پرکشش عہدوں کی پیش کش کی تھی، لیکن اُنہوں نے اس وقت بھی پارٹی نہیں چھوڑی تھی۔
اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ عمران خان اُن کے دوست ہیں اور 50 برس سے زمان پارک میں اُن کی اور عمران خان کے گھر کی دیوار سانجھی ہے۔
اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ وہ کسی اور پارٹی میں اس لیے جانے کا نہیں سوچتے کیوں کہ پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے جو مذہب کو سیاست میں استعمال نہیں کرتی۔