کور کمانڈرز کانفرنس: ایٹمی اثاثوں کی سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار
پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں جوہری ہتھیاروں کے تحفظ کے لیے قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے منگل کو راولپنڈی میں ہونے والی کانفرنس سے متعلق بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمے دار ایٹمی ہتھیار رکھنے والی ریاست ہے۔
فوج کے مطابق جوہری اثاثوں کے تحفظ کے لیے عالمی معیار کے مطابق تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا بیان میں مزید کہنا تھا کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں ملکی اور غیر ملکی سیکیورٹی صورت حال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
کور کمانڈرز نے سندھ اور بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کی سرگرمیوں کے لیے فوجی اہلکاروں کی سول انتظامیہ کے ساتھ معاونت کو بھی سراہا۔
’پیپلزپارٹی کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے‘
سندھ کے وزیرِ اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے۔
کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی ہونے پر منگل کو مقامی نیوز چینل 'جیو نیوز' سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سیلاب سے پورا ملک متاثر ہے۔ کراچی کے علاوہ سندھ کی پولیس کی پوری نفری سیلاب متاثرین کی مدد میں لگی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے ہم نے الیکشن میں امن و امان کے لیے وفاق سے اضافی سیکیورٹی اہلکاروں کی درخواست کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے منع نہیں کیا تھا، اگر الیکشن کمیشن ابھی اپنا فیصلہ واپس لیتا ہے تو ہم انتخابات کرائیں گے لیکن اس میں سیکیورٹی کم ہوگی۔
راولپنڈی میں ہونے والی میٹنگ پاکستان کے لیے خوش آئند ہو گی: شیخ رشید
پاکستان کے سابق وزیرِداخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ راولپنڈی میں ہونے والی میٹنگ پاکستان کے لیے خوش آئند ثابت ہوگی۔
ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کا سیاسی اور معاشی دیوالیہ نکال دیا ہے۔ ان کے بقول یہ لوگ ہمیں اسمبلی اس لیے لانا چاہتے ہیں تاکہ نواز شریف کی تاحیات نااہلی پر ڈیل ہو سکے۔ شیخ رشید نے یہ نہیں بتایا کہ اُن کا اشارہ کس میٹنگ کی جانب ہے۔
منگل کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرِ صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی تھی جس میں پاکستان کے اٹیمی اثاثوں کے تحفظ اور کمانڈ اینڈ کنٹرول اسٹرکچر پر اعتماد کا اظہار کیا گیا تھا۔
شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ آئندہ 10 روز میں فائنل راؤنڈ ہوگا جبکہ اکتوبر، نومبر فیصلہ کن ہوں گے۔
سارہ انعام قتل کیس: عبوری ضمانت خارج ہونے پر ملزم شاہنواز کی والدہ گرفتار
پولیس نے عدالت سے عبوری ضمانت خارج ہونے پر سارہ انعام قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہنواز امیر کی والدہ ثمینہ شاہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
ثمینہ شاہ صحافی ایاز امیر کی سابقہ اہلیہ ہیں اور جس وقت قتل ہوا وہ اسی فارم ہاؤس میں موجود تھیں۔
ثمینہ شاہ نے 26 ستمبر کو قتل کے تیسرے روز عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر لی تھی۔
پولیس نے قتل کے بعد صحافی ایاز امیر اور ثمینہ شاہ کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، تاہم بعدازاں عدالت نے ایاز امیر کا نام اس مقدمے سے خارج کر دیا تھا، تاہم ثمینہ شاہ عبوری ضمانت پر تھیں۔