ضمنی انتخابات میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم، رکن سندھ اسمبلی زخمی
’ووٹر سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں‘
شہباز شریف کا سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہنا تھا کہ یہ آئینی اور قانونی عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسے منتخب کریں۔ ووٹر سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں۔
حکام کا کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا دورہ
خیبر پختونخوا کے صوبائی الیکشن کمشنر محمد فرید آفریدی نے ضمنی انتخابات کے موقع پر کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا دورہ کیا ہے۔
اس موقع پر آئی جی پولیس اور سی سی پی او پشاور اور دیگر افسران بھی صوبائی الیکشن کمشنر کے ہمراہ موجود تھے۔
محمد فرید آفریدی کو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں ضمنی انتخابات کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
صوبائی الیکشن کمشنر کی طرف سے پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کی صورت حال کی کڑی نگرانی کے عمل کو سراہا بھی گیا۔
تحریکِ انصاف کا کراچی میں دھاندلی کا الزام
تحریکِ انصاف کے رہنما علی حیدر زیدی نے الزام عائد کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سندھ اسمبلی کے رکن سلیم بلوچ اور پیپلز پارٹی کے ڈسٹرکٹ ملیر کے صدر سلمان مراد قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 237 میں مسلح محافظوں کے کے ساتھ گھوم پھر رہے ہیں۔
علی زیدی کا سوشل میڈیا پوسٹ میں کہنا تھا کہ پولیس کے دستے پولنگ اسٹیشنوں میں داخل ہو رہے ہیں اور کھلی دھاندلی کر رہے ہیں۔