منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت پر فواد چوہدری کا سخت ردِعمل
لاہور کی عدالت کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس میں وزیر اعظم شہباز شریف اور اُن کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی بریت پر ردِعمل دیتے ہوئے تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ یہ عدالتی نظام کا عوام کے منہ پر ایک اور طمانچہ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ 24 ارب روپے کی منی لانڈرنگ شہباز شریف اور اُن کے بیٹوں کے سر پر وار دی گئی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس مقدمے کی تفتیش کے دوران 14 ہزار اکاؤنٹس کھنگالے گئے اور عرق ریزی کی گئی۔ایک طرف سیلاب زدگان کے لیے پیسے مانگے جا رہے ہیں اور دوسری طرف ایک خاندان اربوں روپے کھا گیا۔
سیلاب متاثرین کی بس میں آگ لگنے سے 18 مسافر ہلاک
کراچی سے خیرپور ناتھن شاہ جانے والی مسافر بس میں نوری آباد کے مقام پر آگ لگنے سے 18 مسافر ہلاک ہو گئے ہیں۔
ڈی ایس پی نوری آباد کے مطابق بس میں آگ لگنے کے بعد کچھ مسافر فوری طور پر بس سے اتر گئے تھے لیکن آگ اتنی شدید تھی کہ اس کی وجہ سے تمام مسافر باہر نہ نکل سکے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر آگ کی وجہ بس کے ایئر کنڈیشنڈ یونٹ میں شارٹ سرکٹ ہو سکتا ہے۔
بس میں سوار بیشتر مسافر مغیری برادری سے تعلق رکھتے تھے جو خیر پور ناتھن شاہ میں سیلاب کے بعد کراچی منتقل ہو گئے تھے اور آبائی علاقے میں صورتِ حال بہتر ہونے کے بعد واپس روانہ ہو رہے تھے۔
پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی گرفتار، دو روزہ جسمانی ریمانڈ بھی منظور
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعظم سواتی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق اعظم سواتی کو گرفتاری کے بعد جمعرات کو اسلام آباد کی مقامی عدالت میں جج شبیر بھٹی کے روبرو پیش کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے عدالت سے اعظم سواتی کے سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے ان کا دو روز کا ریمانڈ منظور کرلیا۔
ادھر جمعرات کو پی ٹی آئی کے رہنما بابر اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ اعظم سواتی کو بدھ کی شب گرفتار کیا گیا اور جنہوں نے انہیں گرفتار کیا انہوں نے اپنی شناخت وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے اہلکاروں کے طور پر کرائی۔
انہوں نے کہا وہ اس گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔ ان کے بقول اعظم سواتی دوسرے سینیٹر ہیں جنہیں اس طرح اٹھایا گیا ہے۔ اس سے پہلے سینیٹر سیف کو پارلیمنٹ کے احاطے سے اٹھایا گیا تھا۔
صرف باجوہ کا نام لیا جو خلاف ورزی ہے: اعظم سواتی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹر اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ انہوں نے آئین، قانون اور بنیادی حقوق کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی بلکہ انہوں نے صرف ایک نام لیا ہے ''باجوہ کا'' اور یہ خلاف ورزی ہے۔
جمعرات کو عدالت میں پیش کیے جانے کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں ایک ٹویٹ کرنے پر گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں ایف آئی اے نے گرفتار کیا ہے۔ لیکن ان پر تشدد ایجنسیوں نے کیا ہے۔