قرضوں کی ری شیڈولنگ، پاکستان کا پیرس کلب نہ جانے کا اعلان
پاکستان کے وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنے قرضے ری شیڈول کرانے کے لیے پیرس کلب میں نہیں جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے وسائل سے قرضے طے شدہ وقت پر ادا کرے گا۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے اس لیے جو بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے پاکستان اس کو پورا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے بھی خدشات دور کیے جائیں گے اور عالمی سطح پر 50 ہزار ڈالرز تک ادائیگیوں کے معاملات فوری طور پر حل کیے جائیں گے۔
پاکستان کے جاری کردہ عالمی بانڈز پر انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ان بانڈز کی میچوریٹی کی تاریخ آگے نہیں بڑھائے گا اور مقررہ وقت پر ان بانڈز کی ادائیگی کر دی جائے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی ایم ایف سے کی گئی یقین دہانیوں کو پورا کیا جائے گا۔
ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ جاری
نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں کمی کا رجحان جاری ہے اور انٹر بینک مارکیٹ میں ایک موقع پر ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 92 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
انٹر بینک میں ایک ڈالر اس وقت 218 روپے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ گزشتہ 18 روز کے دوران ڈالر کی قدر میں تقریباً 21 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔
اس سے قبل 22 ستمبر 2022 کو ڈالر 239.71 کی بلند سطح پر تھا جس میں کمی واقع ہو رہی ہے اور یہ کمی ایسے موقع پر ہو رہی ہے جب وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے حال ہی میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے ڈالر کی قیمت 200 روپے سے نیچے لانے کا عندیہ بھی دیا تھا۔
اینٹی کرپشن کورٹ کا رانا ثناء اللہ کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم
راولپنڈی کی اینٹی کرپشن کورٹ نے وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ کو اشتہاری قرار دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ ملزم کے جو ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے، انہی پر عمل درآمد کرواتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے کلر کہار میں مبینہ اراضی فراڈ میں رانا ثناء اللہ کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ عدم پیشی پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
پیر کو سماعت کے دوران تفتیشی ٹیم نے عدالت سے درخواست کی کہ ملزم کی گرفتاری کی کوشش کی گئی مگر وہ چھپ رہے ہیں اس لیے انہیں اشتہاری قرار دیا جائے۔
فاضل جج نے تفتیشی ٹیم کی درخواست پر کہا کہ ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ابھی دو روز ہی ہوئے ہیں تو اشتہاری کیسے قرار دے دیں۔
عدالت نے حکام سے کہا کہ وہ اسلام آباد جا کر ان کی گرفتاری کی دوبارہ کوشش کریں۔
آڈیوز لیک ہونا قومی سلامتی کی سنگین خلاف ورزی ہے: عمران خان
پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آڈیوز لیک ہونا قومی سلامتی کی سنگین خلاف ورزی ہے کیوں کہ اس سے وزیرِ اعظم کے سرکاری دفتر اور سرکاری گھر کی سیکیورٹی کے حوالے سے سوالات نے جنم لیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ جب وہ وزیرِ اعظم تھے تو ان کی سرکاری رہائش گاہ کی محفوظ ترین فون لائن کی بھی جاسوسی کی گئی۔
انہوں نے عندیہ دیا کہ پی ٹی آئی اس حوالے سے عدالت جانے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ لیک ہونے والی ان آڈیوز کی صادقت کی تصدیق ہو سکے۔
عمران خان نے اس معاملے پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے قیام کا بھی امکان ظاہر کیا جس کی تحقیقات سے واضح ہوسکے کہ کس خفیہ ادارے نے یہ آڈیوز ریکارڈ کی ہیں اور اب کون ہے جو ان آڈیوز کو ایڈیٹنگ کے بعد جاری کر رہا ہے۔
سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ یہ بہت ہی نازک معاملہ ہے کیوں کہ انتہائی حساس سیکیورٹی معاملات کو غیر قانونی طور پر ریکارڈ کیا گیا اور بعد ازاں یہ آلات ہیک ہو گئے۔
عمران خان کے مطابق اس سے پاکستان کی قومی سلامتی کے معاملات کو دنیا بھر کے سامنے عیاں کیا گیا۔