جنرل باجوہ دورۂ امریکہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپسی روانہ
پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ چھ روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد امریکہ سے واپس وطن روانہ ہو گئے ہیں۔
جنرل باجوہ نے اس دورے کے دوران امریکہ کے وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری حکام سے ملاقاتیں کیں۔
صدر عارف علوی آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے جس کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ صدر کا پارلیمنٹ سے یہ پانچواں خطاب ہو گا۔
سابق صدر آصف علی زرداری کے بعد ڈاکٹر علوی ملک کے دوسرے صدر ہیں جنہیں آئینی تقاضے کی تکمیل کے طور پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے مسلسل پانچویں مرتبہ خطاب کا موقع مل رہا ہے۔
صدر علوی یہ خطاب ایک ایسے موقع پر کر رہے ہیں جب ایوان میں ان سے ہمدردیاں رکھنے اور دفاع کرنے والا پاکستان تحریک انصاف کا کوئی رکن ایوان میں موجود نہیں ہوگا۔
مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لیے خصوصی دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں جن میں چاروں صوبائی گورنرز، وزرائے اعلیٰ سمیت پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے صدر اور وزیراعظم، وزیر اعلیٰ اور گورنر گلگت بلتستان شامل ہیں۔
مشترکہ اجلاس میں چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان، آڈیٹر جنرل آف پاکستان، چیف الیکشن کمشنر سمیت آئینی اداروں کے سربراہان اور وفاقی سیکریٹریز کو بھی مشترکہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
اجلاس میں شرکت کے لیے مسلح افواج کے سربراہان، پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفارت کاروں اور میڈیا کے نمائندوں کو بھی خصوصی دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔
کیا اب کوئی وزیرِ اعظم ہاؤس آ کر ہم سے اعتماد سے بات کر سکے گا؟ وزیرِ اعظم شہباز شریف
پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےکہا ہے کہ عمران خان پتھر دل انسان ہیں، انہیں سیلاب متاثرین کے بجائے صرف اپنی سیاست بچانے کی فکر ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب کے دوران سیاست کو ایک طرف رکھ دینا چاہیے تھا، لیکن عمران خان نے ایسا نہیں کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سائفر کے معاملے پر پاکستانی عوام کے ساتھ بددیانتی کی گئی۔ وزیرِ اعظم کا مزید کہنا تھا کہ آڈیو لیکس میں حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے۔ سائفر کے بعد آڈیو لیکس آنے کے بعد صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ سازش کہاں سے ہوئی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچ چکی ہے، لیکن اس جانب عمران خان کی کوئی توجہ نہیں ہے۔
پاکستانی وزیرِ اعظم بولے کہ عمران خان اور اُن کا سازشی ٹولہ چاہتا ہے کہ کوئی پاکستان کے سیلاب متاثرین کو امداد نہ دے۔
آرمی چیف کی تقرری آئین اور قانون کے مطابق ہو گی: شہباز شریف
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری کے معاملے پر کسی کو پریشان ہونی کی ضرورت نہیں، یہ فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق کیا جائے گا۔