’توہین تو ہوئی ہے اور پوری دنیا کے سامنے ہوئی ہے‘
سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحب زادی اور مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کا کیس ختم ہونے پر کہنا ہے کہ توہین تو ہوئی ہے اور پوری دنیا کے سامنے ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ کہنا زیادہ مناسب ہے کہ عمران خان کو معافی ملی ہے اور درگزر ہوا ہے۔
منی لانڈرنگ ریفرنس: شہباز شریف کی حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست منظور
پاکستان کے شہر لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں وزیرِاعظم شہباز شریف کی حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی ہے۔
لاہور کی احتساب عدالت میں جج قمر الزماں نے منگل کو منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کے دوران شہباز شریف کی مستقل حاضری کی درخواست پر بھی ٖغور کیا۔
عدالت نے شہباز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں عدالت میں پیشی کے لیے نمائندہ مقرر کرنے کی اجازت دے دی۔
علاوہ ازیں عدالت نے شہباز شریف کے صاحبزادے اور سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی مستقل حاضری سے معافی کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے حمزہ شہباز کی حاضری سے ایک روز کا استثنیٰ منظور کرلیا۔
بعد ازاں ریفرنس پر سماعت 25 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔
تاحیات نااہلی کا قانون ظالمانہ ہے: چیف جسٹس پاکستان
چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے فیصل واوڈا نااہلی کے خلاف کیس کی سماعت کے موقع پر ریمارکس دیے ہیں کہ تاحیات نااہلی کا قانون ظالمانہ ہے۔ عدالت اس کیس کو محتاط ہو کر سنے گی۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فیصل واوڈا کی نااہلی کے خلاف دائر درخواست پر منگل کو سماعت کی۔
اس موقع پر فیصل واوڈا کے وکیل وسیم وجاد نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل نے 2018 کے انتخابات میں حصہ لیا اور کامیاب بھی ہوئے جس کے دو سال بعد ان کے غلط بیان حلفی پر نااہلی کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر ہوئی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن کو غلط بیان حلفی پر تحقیقات کا اختیار حاصل ہے۔ کمیشن نے فیصل واوڈا کیس میں حقائق کا درست جائزہ لیا۔ اگر سپریم کورٹ الیکشن کمیشن کے تاحیات نااہلی کے حکم کو کالعدم قرار دے بھی دے تو حقائق تو وہی رہیں گے۔
وکیل فاروق ایچ نائیک نے اس موقع پر مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں واضح کہا کہ فیصل واوڈا نے دوہری شہریت تسلیم کی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اس کیس میں سوال بس یہ ہے کہ الیکشن کمیشن تاحیات نااہلی کا حکم دے سکتا ہے یا نہیں؟
جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ اس کیس کو تفصیل سے سنیں گے۔
عدالت نے کیس کی سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جمعرات کو طلب، صدر خطاب کریں گے
پاکستان کی پارلیمان کا مشترکہ اجلاس جمعرات چھ اکتوبر کو شام پانچ بجے طلب کیا گیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔
مشترکہ اجلاس آئین کے آرٹیکل 54-ایک اور 56-تین کے تحت طلب کیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ملک کی پارلیمان کے آخری برس کا آغاز صدر کے خطاب سے 14 اگست کو ہونا تھا جو کہ اب تک نہیں ہو سکا۔
پاکستان کے آئین کے مطابق ہر برس پارلیمانی سال کے آغاز پر صدر پارلیمان کے دونوں ایوانوں سے مشترکہ طور پر خطاب کر تے ہیں۔